وزیراعظم عمران خان نے سیاسی مخالفین کی جانب سے آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے کی افواہوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کریں گے، انتخابات میں ہارنے کے ڈر سے اپوزیشن نے دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا ہے ۔
میں نے دنیا بھر میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، میرا ایمان ہے کہ کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، مقبوضہ کشمیر کے عوام حوصلہ نہ ہاریں، تھوڑا صبر اور کریں، انہیں ان کا حق مل کر رہے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو تراڑ کھل میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ شاندار استقبال پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم نے کہا کہ کہا جا رہا ہے کہ میں آزاد کشمیر کو صوبہ بنانا چاہتا ہوں یہ بات کدھر سے آئی مجھے نہیں معلوم، میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ1948 ء میں اقوام متحدہ نے جو قراردادیں منظور کی تھیں جن میں عالمی دنیا نے کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق دیا تھا، ان کے مطابق ہی کشمیری عوام فیصلہ کریں گے کہ وہ بھارت یا پاکستان کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ مجھے پورا یقین ہے کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور انہیں ان کا حق مل کر رہے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی تاریخ بہت پرانی ہے، جس قوم نے اتنی قربانیاں دی ہوں وہ اپنا حق لے کر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات سے قبل ہی اپوزیشن نے کہنا شروع کر دیا ہے کہ دھاندلی ہو گی، میں کرکٹ میں بھی غیر جانبدار ایمپائر لے کر آیا، (ن) لیگ نے آج تک کوئی کام ایمانداری سے نہیں کیا، نواز شریف نے وزیر خزانہ ہوتے ہوئے جمخانہ کلب لاہور میں کرکٹ کھیلنا شروع کی تو اپنی مرضی کے ایمپائر کھڑے کرتے تھے اور جب نواز شریف آئوٹ ہوتے تھے تو وہ اسے نوبال قرار دے دیتے تھے، جس طرح کی انہوں نے سیاست کی ایسی ہی ان کی کرکٹ تھی، میں وہ کپتان ہوں جس نے 1986ء میں ٹیسٹ کرکٹ کی دنیا میں نیوٹرل ایمپائرز متعارف کرائے،
