سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان-سعودی عرب کوآرڈینیشن کونسل کے ذریعے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کی جہت کو وسیع کرنا چاہتا ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود آج ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے، نور خان ایئر بیس پر وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
بعدازاں دفتر خارجہ میں سعودی وزیر خارجہ اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات کے بعد دونوں وزرائے خارجہ نے مشترکہ نیوز کانفرنس کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ انہیں اُمید ہے کہ کونسل، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو نئی سطح پر لے جانے، انہیں ادارہ جاتی بنانے اور تمام مواقع کی تلاش میں سنگِ میل ثابت ہوگی۔
Minister of Foreign Affairs of Saudi Arabia Prince Faisal bin Farhan Al Saud received by Minister of Foreign Affairs of Pakistan Shah Mahmood Qureshi on arrival at the Foreign Office in Islamabad #APPNews #Pakistan #SaudiArabia @SMQureshiPTI @FaisalbinFarhan @KSAembassyPK pic.twitter.com/VunaR4kgJb
— APP 🇵🇰 (@appcsocialmedia) July 27, 2021
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ماضی میں بھی متعدد شعبوں میں مل کر کام کیا ہے لیکن انہیں یقین ہے کہ کونسل دونوں ممالک کے درمیان باہمی اشتراک کے فروغ کے لیے زیادہ مؤثر ثابت ہوگی۔
انہوں نے معاشی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ہونے والی بات چیت میں زیادہ توجہ اس پر تھی۔
ساتھ ہی انہوں نے ٹیکنالوجی اور ماحولیات کے شعبوں میں باہمی اشتراک کو وسیع کرنے پر بھی زور دیا۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سیکیورٹی اور استحکام معاشی خوشحالی کے لیے انتہائی اہم ہیں اس لیے پاکستان اور سعودی عرب نے ایک دوسرے کے خطے میں استحکام یقینی بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ہم نے علاقائی مسائل پر بھی ایک ساتھ کام کرنے پر اتفاق کیا چاہے وہ کشمیر، فلسطین یا یمن ہو ہم مل کر اپنے خطوں میں استحکام یقینی بنائیں گے۔
مذہبی روابط کے ساتھ ثقافتی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، شاہ محمود قریشی
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کے ساتھ اپنی ملاقات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنے باہمی تعلقات کا جامع جائزہ لیا اور جس طرح معاملات چل رہے ہیں ہم اس کے ساتھ مطمئن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بات پر توجہ دی کہ ہم کس طرح اپنے معاشی روابط کو فروغ دیں، 20 لاکھ سے زائد پاکستانی سعودی عرب کی سماجی ترقی میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں لیکن ہم باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سے مزید معاشی رابطے کس طرح بناسکتے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعودکی وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات۔ دونوں وزرائے خارجہ کا دو طرفہ تعلقات کے استحکام اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کیلئے روابط کا سلسلہ جاری رکھنے پراتفاق۔@SMQureshiPTI @FaisalbinFarhan @ForeignOfficePk pic.twitter.com/AwgUPLS8ZE
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) July 27, 2021
