چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں ہندو مندر پر حملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) کو نوٹس جاری کردیا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ‘رکن قومی اسمبلی اور پیٹرن انچیف پاکستان ہندو کونسل ڈاکٹر رمیش کمار نے سپریم کورٹ میں چیف جسٹس گلزار احمد سے ملاقات کی اور رحیم یار خان کے گاؤں بھونگ میں ہندو مندر پر حملے کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا’۔
بیان میں کہا گیا کہ ‘چیف جسٹس آف پاکستان نے افسوس ناک واقعے پر تشویش کا اظہار کیا’۔
سپریم کورٹ کے مطابق ‘مسئلے کا ادراک کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے معاملے کی سماعت 6 اگست بروز جمعہ سپریم کورٹ اسلام آباد میں مقرر کردی’۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ چیف جسٹس گلزار احمد نے ‘چیف سیکریٹری پنجاب، آئی جی پنجاب کو رپورٹ کے ساتھ طلب کرلیا ہے اور پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن انچیف اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کی ہے’۔
وزیراعظم کا مندر پر حملے کا نوٹس، سخت کارروائی کی ہدایت
قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے ہندو مندر پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو اس معاملے کی تحقیقات کر کے مجرمان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے پاکستان کا آئین اقلیتوں کو آزادی اور تحفظ فراہم کرتا ہے تاکہ وہ اپنی عبادت کو آزادانہ طور پر انجام دے سکیں۔
9 سالہ بچے کے مبینہ طور پر مدرسے میں پیشاب کرنے اور اسے مقامی عدالت سے ضمانت ملنے کے بعد بھونگ ٹاؤن میں سیکڑوں افراد نے ہندو مندر میں توڑ پھوڑ کی اور سکھر-ملتان موٹروے (ایم-5) بلاک کردی تھی۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر خرم شہزاد اور ضلعی پولیس افسر کے دورے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے علاقے میں رینجرز تعینات کردی تھی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ دارلعلوم عربیہ تعلیم قرآن کے ایک معلم حافظ محمد ابراہیم کی شکایت پر بھونگ پولیس نے بچے کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعہ 295-اے کے تحت 24 جولائی کو مقدمہ درج کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ہندو عمائدین نے مدرسے کی انتظامیہ سے یہ کہتے ہوئے معافی مانگی تھی کہ ملزم کم عمر اور ذہنی طور پر بیمار ہے۔
HINDU Temple destruction in Rahim Yar Khan , Punjab. The SC banned a MPA In Sindh because of Dog Bite cases, will they take similar action on Temple Destruction ? PUNJAB Govt @MashwaniAzhar @SHABAZGIL will you guys Wake up? We strongly condemn such religious Intolerance pic.twitter.com/xbXIoaWAzM
— Dewan Sachal (@essel1) August 5, 2021
