جشن آزادی پاکستان کے موقع پر مرکزی تقریب دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزرا، اراکین قومی اسمبلی و سینیٹ اور مختلف ممالک کے سفرا نے شرکت کی۔
جشن آزادی کے حوالے سے صدر مملکت عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ’’ پاكستان نے اپنے 74 سالہ سفر كے دوران کئی ایک چيلنجز كا سامنا كيا مگر ہم اپنی محنت، لگن ،قربانيوں اور باہمی تعاون سے ان کٹھن حالات ميں سرخرو ہوئے، اب ملکی معیشت ميں بہتری آنے كے اثرات کی عوام میں عکاسی ہونے کا مشاہدہ ہونے لگا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تنازع جموں و كشمیر پر كشمیریوں كی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری ركھنے كے عزم كی تجدید كرتے ہیں، آج كے دن قوم عہد كرے كہ ہم قائداعظم كے نظریات پر عمل پیرا ہوتے ہوئے پاكستان كے اتحاد اور خوشحالی كے لیے كام كریں گے۔
یومِ آزادی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے اہم پیغام میں کہا کہ آج کے دن قومی پرچم لہراتے ہوئے ہمیں ایمان ،اتحاد تنظیم کے پختہ عزم کا اعادہ کرنا چاہیے، ہم عالمی سطح پر ایک متحد، پرامن اور پرعزم قوم کی حیثیت سے ابھرنے کے لئے اپنی تاریخ کے سفر میں کٹھن رکاوٹوں سے سینہ سپر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی اندرون ملک بعض درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ خطہ کی بدلتی صورتحال ہمارے اس عزم کا امتحان ہے، ہروقت کی طرح ہم اپنے عزم صمیم کی بدولت ان رکاوٹوں پر قابو پالیں گے اور مضبوط تر قوم کے طور پر ابھریں گے، پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھا کر کھڑا ہو سکتا ہے، معیشت کی بحالی، کورونا وبا سے نبرد آزما ہونے اور ماحولیاتی تحفظ بارے ہماری پالیسیوں کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو بھی فراموش نہیں کرنا چاہیے ، کشمیری عوام انتہائی نامساعد حالات اور بھارتی غیر قانونی قبضہ میں ناقابل بیان جبر میں اپنے حق خودارادیت کے لئے محوِ جدوجہد ہیں، پاکستان کشمیریوں کے لیے منصفانہ فیصلے کے لئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا، کشمیری ابھی بھی ان کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کیے جانے کے منتظر ہیں جو عالمی برادری نے ان سے کر رکھے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر ممکن کوششیں کی ہیں، بلاشبہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا ہمارے لئے تحفہ ہے، میں ایک مرتبہ پھر اندرون ملک اور بیرون ملک تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتا ہوں، اس موقع پر آپ سے کہتا ہوں کہ پاکستان کو قابل فخر، خوشحال اور پرامن ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
