افغانستان کے دارالحکومت کابل پر طالبان کے کنٹرول حاصل کرنے کے بعد حامد کرزئی ایئرپورٹ پر ملک سے باہر جانے کے خواہشمند افغان شہریوں کا جم غفیر لگ گیا جبکہ اس موقع پر افراتفری اور زبردستی طیارے پر سوار ہونے کی کوشش میں 5 افراد ہلاک بھی ہوگئے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق سیکڑوں افراد نے زبردستی طیاروں میں سوار ہونے کی کوشش کی جس کے بعد کم از کم 5 افراد ہلاک ہوگئے۔
واقعے کے حوالے سے ابتدائی میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ مذکورہ ہلاکتیں مبینہ طور پر کابل ایئر پورٹ پر موجود امریکی فورسز کی جانب سے کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ہوئیں، جو ہجوم کو پُرسکون کرنا چاہتے تھے جو افرا تفری کا شکار تھا۔
Kabul Airport#Afghanistan pic.twitter.com/0yHvQtPAOM
— Pajhwok Afghan News (@pajhwok) August 16, 2021
ایک امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ البتہ امریکی سفارتی اہلکاروں اور عملے کو لے جانے کے لیے آنے والی فوجی پرواز میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کرنے والے افغان شہریوں کو منتشر کرنے کے لیے فوجیوں نے ہوائی فائر کیے تھے۔
20 گھنٹوں سے پرواز کے منتظر ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ ان افراد کی ہلاکت گولی لگنے سے ہوئی یا بھگدڑ سے اور ایئرپورٹ پر موجود امریکی عہدیدار بھی اس پر بیان دینے کے لیے دستیاب نہیں ہوئے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں 3 لاشوں کو ایئرپرٹ کے احاطے میں دیکھا جاسکتا ہے جبکہ ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ انہوں نے 5 لاشیں دیکھی ہیں۔
بعد ازاں برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ میں افغان خبر رساں ادارے آسواکا کے حوالے سے بتایا گیا کہ کابل ایئر پورٹ پر ہلاک ہونے والوں میں 3 ایسے افراد بھی شامل ہیں جو طیارے پر لٹک کر بیرون ملک سفر کے خواہشمند تھے۔
Exclusive – The video shows a flight from #Kabul airport where two people are thrown from a plane into the the people’s homes.#Afghanistan #Taliban pic.twitter.com/GlSgjNApJj
— Aśvaka – آسواکا News Agency (@AsvakaNews) August 16, 2021
رپورٹ میں افغان میڈیا کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک ہونے والے 3 افغان باشندے طیارے کے ٹائروں کے ساتھ لٹکے ہوئے تھے اور طیارے کے فضا میں بلند ہونے کے ساتھ ہی وہ زمین پر آگرے اور ہلاک ہوگئے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل مقامی میڈیا پر نشر ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیکڑوں لوگ کابل ایئر پورٹ سے پرواز کے منتظر امریکی سی 17 طیارے کے ساتھ ساتھ بھاگ رہے ہیں اور اس سے لٹکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
اتوار کی رات سے ہی سیکڑوں افغان شہریوں نے ایئرپورٹ کے رن وے پر قبضہ کرلیا تھا اور اپنے سامان سمیت آخری کمرشل پروازوں میں سوار ہونے کی کوششیں کرتے رہے۔
Not a scene of Hollywood, it’s Just #Kabul air port, people want to run away, after the Capture of Kabul by the #Talibans #Afghanistan
By: @Mukhtarwafayee pic.twitter.com/ZLYieJm9mX— Aśvaka – آسواکا News Agency (@AsvakaNews) August 16, 2021
