English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

طالبان نے ہمیں ضمانت دی ہے، امید ہے وہ اپنے وعدے پر قائم رہیں گے: جیک سلیون

القمر

امریکہ قومی سلامتی  کے مشیر جیک سلیون نے کہا ہے کہ طالبان نے ہمیں شہریوں کی کابل ائیر پورٹ تک محفوظ رسائی کی ضمانت دی ہے اور ہم ان کے اس وعدے پر قائم رہنے کی توقع رکھتے ہیں۔

سولیون نے وائٹ ہاوس میں پریس بریفنگ کے دوران ایک دفعہ پھر اس موقف کا دفاع کیا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلاء کا وقت آ گیا تھا اور صدر جو بائڈن کا فیصلہ درست ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہماری اہم ترین ترجیح انخلاء آپریشن کو کامیابی اور بغیر کسی جانی نقصان کے مکمل کرنا ہے۔

طالبان کے کسی بین الاقوامی حیثیت کے حامل ہونے یا نہ ہونے کے بارے میں سوال کے جواب میں سلیون نے کہا ہے کہ "طالبان کا اپنے اقدامات کے ذریعے بین الاقوامی برادری کو یہ دکھانا ضروری ہے کہ وہ کیسی ساخت کے حامل ہیں”۔

انہوں نے ان الفاظ کے ساتھ طالبان کو سبز جھنڈی دکھائی ہے کہ "طالبان کے بین الاقوامی برادری کو درست پیغامات دینے اور درست اقدامات کرنے کی صورت میں ان کی حکومت جائز حیثیت حاصل کر سکتی ہے”۔

اس دوران امریکہ وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارت خانے کے عملے کو ملک سے نکال لیا گیا ہے۔ وہاں موجود سفارتی عملہ امریکی شہریوں اور افغانوں کے انخلاء میں مدد کرے گا۔

طالبان کے نمائندے ذبیح اللہ مجاہد  کی آج  کی پریس کانفرنس میں دی گئی ضمانتوں سے متعلق سوال  کے جواب میں پرائس نے کہا ہے کہ ” ان کے الفاظ اہم ہیں لیکن ہم عملی اقدامات کو دیکھیں گے”۔

اس سوال کے جواب میں کہ 31 اگست تک انخلاء کا کام مکمل ہونے کے بعد امریکہ کابل میں رہے گا یا نہیں؟ پرائس نے کہا ہے کہ اگر محفوظ ہوا اور زیادہ طویل مدت تک رہنا ضروری ہوا تو ہم اس پر غور کر سکتے ہیں۔

دوسری طرف امریکہ وزارت دفاع نے کہا ہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے جوار میں تا حال اندازاً 5 سے 10 ہزار کے قریب امریکی موجود ہیں۔

وزارت دفاع کے ترجمان جان کربی نے سی این این ٹیلی ویژن کے لئے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ” ہمارے خیال میں یقیناً وہاں ہزاروں امریکی موجود ہیں لیکن ہم کوئی حتمی تعداد نہیں بتا سکتے۔ اندازاً کابل کے جوار میں 5 سے 10 ہزار کے قریب امریکی موجود ہیں”۔

کربی نے کہا ہے کہ امریکہ وزارت خارجہ نے قطار بنا کر ائیر پورٹ تک پہنچنے کے طریقے سے متعلق ایک پیغام جاری کیا ہے۔ امریکی شہری پرواز کے معاملات کو حل کروانے کے لئے حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیر پورٹ کی طرف سفر شروع کر سکتے ہیں۔

امریکہ وزارت خزانہ نے بھی افغانستان کے امریکی بینکوں میں رکھے گئے سرکاری زرِ محفوظ کو منجمد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

دی واشنگٹن پوسٹ کی، موضوع سے متعلقہ قریبی ذرائع کے حوالے سے شائع کردہ، خبر کے مطابق بائڈن انتظامیہ نے اتوار کے دن امریکی بینکوں میں  افغان حکومت  کے زرِ محفوظ کو منجمد کر کے امریکی اداروں میں رکھے گئے کئی بلین ڈالر تک طالبان کی رسائی کو روک دیا ہے۔

واضح رہے کہ 15 اگست 2021 کو صدر اشرف غنی اور حکومتی فورسز کے کابل سے نکلنے کے بعد طالبان نے بغیر کسی جھڑپ کے دارالحکومت کا کنٹرول سنبھال لیا تھا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے