وزیراعظم عمران خان نے چلتی ہوئی ٹرین سے گرنے والے نوجوان کی جان بچانے والے پولیس کانسٹیبل جمال کلہوڑو کی ‘فرائض کی انجام دہی میں لگن’ اور ان کی خدمت کے اعتراف میں یوم پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر اعزاز دینے کا اعلان کردیا۔
مذکورہ اعلان وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے کی گئی ٹوئٹ کے ذریعے کیا۔
ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ‘ہم نے فرض شناسی کے کمال مظاہرے پر کانسٹیبل جمال کلہوڑو کو یومِ پاکستان (23 مارچ) کے موقع پر اعزاز سے نواز نے کا فیصلہ کیا ہے’۔
انہوں نے قرآن کریم کی سورۃ المائدہ کی آیت کا ترجمہ بھی لکھا کہ ‘جس نے ایک انسان کی جان بچائی گویا اس نے پوری انسانیت کی جان بچائی’۔
گزشتہ روز وزیراعظم نے مذکورہ کانسٹیبل کی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ٹرین کی چھت پر سوار نوجوان کو ٹریک پر گرتے اور کانسٹیبل کو ان کی جان بچاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
وزیراعظم نے اپنی ٹوئٹ میں پولیس کانسٹیبل کے اقدام کو سراہتے ہوئے لکھا تھا کہ ‘یہ وہ مقام ہے جہاں فرض تقدیس سے ہمکنار ہوتا ہے، عوام الناس کی خدمت کے حوالے سے اس نوجوان سپاہی کا عزم قابلِ تحسین ہے’۔
This is where duty becomes sacred. Admiration for the commitment of the young policeman to serve the people. pic.twitter.com/B1xozkj06a
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) August 19, 2021
