افغانستان میں فرائض کی کامیاب ادائیگی کے بعد ترک فوجی وطن واپس لوٹنا شروع ہو گئے ہیں۔
افغانستان سے ترک شہریوں کے انخلاء کا کام مکمل ہونے کے بعد کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر متعین ترک فوجیوں کا انخلاء شروع کر دیا گیا ہے۔
ترک فوجی پہلے ٹرکش ائیر فورس کے کارگو طیارے کے ذریعے کابل سے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچے اور یہاں سے ٹرکش ائیر لائنز کی TK6889 پرواز کے ساتھ انقرہ کے لئے روانہ ہو گئے۔
345مسافروں کے ساتھ اس طیارے نے ترکی کے مقامی وقت کے مطابق دن 11 بج کر 45 منٹ پر انقرہ کے ایسن بوعا ائیر پورٹ پر لینڈنگ کی۔
ترکی کے وزیر دفاع حلوصی آقار نے کل جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں انہیں تفویض کردہ فرائض کی کامیاب ادائیگی کے فخر کے ساتھ ترک فوجی وطن واپس لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے افغانستان سے ترکی کے فوجی انخلاء کے آغاز کا ذکر کیا اور کہا تھا کہ تھا کہ ہمارا ہدف انخلاء کے کام کو جلد از جلد مکمل کرنا ہے۔
ترکی نے جون 2002 میں افغانستان میں متعین بین الاقوامی فورسز برائے سلامتی تعاون ISAF میں ڈیوٹی کی ادائیگی کے لئے اپنے فوجیوں کو افغانستان بھیجا۔
افغانستان میں متعین ایک ہزار 400 فوجیوں پر مشتمل ترک یونٹ میں ٹرکش ائیر فورس کے اہلکار بھی شامل تھے جو کابل ائیر پورٹ کے تحفظ اور انتظام و انصرام کا فریضہ سرانجام دیتے رہے۔
واضح رہے کہ15 اگست کو دارالحکومت کابل پر طالبان کے کنٹرول کے بعد ملک میں موجود غیر ملکی فوجیوں، سفارتی عملے اور غیر ملکی شہریوں کے انخلاء میں تیزی آ گئی تھی۔
