English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سیکیورٹی خدشات: نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف سیریز منسوخ کر دی

القمر

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو عین اس وقت دورہٴ پاکستان منسوخ کر دیا جب دونوں کرکٹ ٹیموں کے درمیان راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ شروع ہونا تھا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان جمعرات کو مقامی وقت کے مطابق سہہ پہر ڈھائی بجے تین میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز کا پہلا میچ شروع ہونا تھا۔

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کیویز ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے نیوزی لینڈ کی حکومت کے سیکیورٹی الرٹ اور پاکستان میں موجود سیکیورٹی ایڈوائزر کی ہدایت کے بعد دورۂ پاکستان جاری نہ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

کیویز بورڈ کے مطابق پاکستان سے ٹیم کی واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

نیوزی لینڈ کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ وائٹ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی الرٹ کے بعد دورہ جاری رکھنا ممکن نہیں تھا۔ ان کے بقول وہ سمجھ سکتے ہیں کہ سیریز ملتوی ہونا پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے دھچکا ہو گا لیکن کھلاڑیوں کی سیکیورٹی پہلی ترجیح ہے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم 18 برس بعد پاکستان کے دورے پر آئی تھی جس کے دوران اسے تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کھیلنا تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے آگاہ کیا ہے کہ انہیں سیکیورٹی کے حوالے سے الرٹ کیا گیا ہے اس لیے انہوں نے یک طرفہ طور پر سیریز ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق کیویز ٹیم کی سیکیورٹی کے لیے حکومتِ پاکستان نے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی ذاتی طور پر نیوزی لینڈ کی ہم منصب سے رابطہ کر کے انہیں بتایا تھا کہ مہمان ٹیم کو سیکیورٹی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ ٹیم کے حکام نے حکومتِ پاکستان کی سیکیورٹی پر اطمینان کا اظہار کیا تھا جس کے بعد کیویز کھلاڑی بنگلہ دیش کا دورہ مکمل کر کے رواں ہفتے ہی اسلام آباد پہنچے تھے۔

پی سی بی نے مزید کہا ہے کہ پاکستان اور دنیا بھر میں موجود کرکٹ شائقین کو آخری لمحے میں کیے جانے والے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے