English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تاجکستان میں وزیراعظم پر طنزیہ شاعری کرنیوالے وی سی کے خلاف تحقیقات کا مطالبہ

تاجکستان کا دورہ کرنے والے پاکستانی وفد میں شامل تجارتی مندوبین نے پاکستان تاجکستان بزنس فورم کے موقع پر شاعری کرنے والے انڈس یونیورسٹی کے چانسلر خالد امین کی وفد میں شمولیت کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

ایکسپریس نیوز کی خبر کے مطابق پھل اور سبزیوں کے ایکسپورٹ سیکٹر کی نمائندگی کرنے والے وفد میں شامل پی ایف وی اے کے سرپرست اعلی وحید احمد نے اس صورتحال پر ٹویٹ کرتے ہوئے بے محل شاعری کی مذمت کی اور خالد امین سے لاتعلقی کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ شاعری کے آغاز پر وفد کے مندوبین اور میزبان بھی حیران تھے تاہم شاعری طول پکڑنے اور وزیر اعظم کو نصیحت پر مندوبین بھی پہلو بدلتے رہے اور سرکاری شخصیات بھی مضطرب دکھائی دیے تاہم وزیر اعظم نے فوری مداخلت کرکے بات چیت کو معاشی اور تجارتی روابط کی طرف موڑ دیا اور وقتی طور پر پیدا ہونے والی بے چینی ختم ہوگئی اور فورم بھرپور طریقے سے آگے بڑھا۔

وحید احمد نے کہا کہ وفد میں شامل تمام تجارتی مندوبین نے خالد امین کے اس طرز عمل کی مذمت کی جس کی وجہ سے تجارتی وفد کو ندامت اٹھانا پڑی، وفد میں شامل اراکین نے وزارت تجارت اور متعلقہ محکموں پر زور دیا کہ وفد میں شمولیت کے لیے اہلیت اور سیاسی وابستگی کا خاص طور پر خیال رکھا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسے موقع پر جب افغانستان میں تبدیلی سے پاکستان کے لیے خطے بالخصوص وسط ایشیائی ریاستوں میں نئے امکانات پیدا ہورہے ہیں اہم تجارتی فورم پر اس طرح کی حرکت کا پاکستان متحمل نہیں ہوسکتا جس سے پاکستان کی تاجر برادری کی سوچ اور طرز عمل پر سوال اٹھتے ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے