English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مقبوضہ جموں و کشمیر: بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر پہاڑوں پر گر کر تباہ، دونوں پائلٹ ہلاک

القمر

مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں پتنی ٹاپ کے قریب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر پہاڑوں پر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں ہیلی کاپٹر میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔

بھارتی نشریاتی ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ آرمی ایوی ایشن ہیلی کاپٹر کے گرنے سے پائلٹ شدید زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ پائلٹس کو مقامی لوگوں نے نکال کر ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔

بھارت کے ایک اعلیٰ فوجی افسر نے بتایا کہ دونوں پائلٹ میجر رینک کے افسر تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے انہیں ہسپتال منتقل کیا تاہم بدقسمتی سے دونوں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے’۔

سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر میں تباہ شدہ ہیلی کاپٹر کو جنگل میں تباہ شدہ حالت میں دیکھا گیا جہاں مقامی لوگ پائلٹس کو باہر نکالنے کی کوشش کر رہے تھے۔

حکام کا کہنا تھا کہ یہ حادثہ صبح 10 بجکر 30 منٹ پر پیش آیا۔

واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں گزشتہ 7 ہفتوں کے دوران یہ دوسرا فوجی ہیلی کاپٹر حادثہ ہے۔

گزشتہ مہینے فوجی ہیلی کاپٹر کے رنجیت ساگر ڈیم میں گرنے سے دو پائلٹ ہلاک ہو گئے تھے۔

اس میں سے ایک پائلٹ کی لاش ابھی تک نہیں مل سکی ہے۔

منبع: ڈان نیوز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے