یورپی یونین کے رکن ممالک میں کورونا ویکسین کورس پورا کرنے والے بالغ افراد کی شرح 75 فیصد سے بڑھ گئی ہے۔
یورپی یونین کمیشن کے سوشل میڈیا پیج سے ویکسین مہم کی تازہ صورتحال کے بارے میں معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ "ہر گھںٹہ اور ڈوز اہم ہے۔ یورپی یونین ممالک کی 18 سالہ اور اس سے زائد عمر کی آبادی کے 75 فیصد کی ویکسینیشن مکمل ہو گئی ہے”۔
مزید کہا گیا ہے کہ "ویکسین کا مکمل کورس انفیکشن اور ہسپتال میں داخلے سے بچاتا اور وائرس کی نئی شکلوں کے مقابل قوت مدافعت پیدا کرتا ہے”۔
یورپی یونین انتظامیہ نے قبل ازیں جاری کردہ بیان میں کہا تھا کہ ہم موسمِ گرما کے آخر تک رکن ممالک کی بالغ آبادی کے 70 فیصد کو ویکسین لگانے کا ہدف رکھتے ہیں۔ 31 اگست کو جاری کردہ بیان میں اس ہدف کے پورا ہونے کا اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ یورپی میڈیسن ایجنسی EMA یورپی یونین کے رکن ممالک میں فائزر بائیون ٹیک، ماڈرنا، آسٹرازینیکا اور جانسن اینڈ جانسن فرموں کی تیار کردہ ویکسین کے استعمال کی اجازت دیتی ہے۔
