وزیراعظم عمران خان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لیتے ہوئے غریبوں کیلئے پیٹرول سستا جبکہ آٹا، چینی، گھی اور تیل کی قیمتیں بھی کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
نجی ٹیلی وژن کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ کم آمدنی والے شہریوں کو پیٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان جلد از جلد مرتب کیا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فوری طور پر موٹر سائیکل سواروں، رکشہ اور عوامی سواری استعمال کرنے والوں کیلئے سبسڈی کا پلان بنائیں۔ اجلاس میں یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے کم آمدنی والے افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے جبکہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعظم نے متوسط طبقہ کو ریلیف کی فراہمی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی،
وزیراعظم نے احساس پروگرام کی سبسڈی سکیم کو بڑھانے کی بھی ہدایت کی
خیبر پختونخوا اور پنجاب احساس پروگرام کی سبسڈی سکیم میں حصہ دار بننے کو تیار ہیں@fawadchaudhry pic.twitter.com/XB9MVfwBAx— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) October 20, 2021
تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے عوام کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس سبسڈی پروگرام کو صوبائی حکومتوں اور وفاق کی مشترکہ مالی معاونت سے شروع کیا جائے گا۔ اس پر صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے تاہم بلوچستان اور سندھ سے اس اہم معاملے پر بات چیت جاری ہے۔
آٹے کی قیمت میں مسلسل کمی دیکھی جا رہی ہے، کرشنگ سیزن شروع ہوگا تو چینی کی قیمت مزید کم ہوگی،
دالوں، سبزیوں، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا رجحان ہے،
اگر یہ رجحان برقرار رہا تو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات میں کچھ ریلیف ملے گا۔— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) October 20, 2021
دوسری جانب دی اکانومسٹ کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان مہنگائی کے اعتبار سے ترتالیس ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے۔ گذشتہ ماہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
اس کے مقابلے میں پڑوسی ملک بھارت میں مہنگائی کی شرح 4.3 فیصد رہی اور اس لسٹ میں اس کا نمبر سولہواں ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی ارجنیٹا میں ریکارڈ کی گئی جہاں اس کی شرح 51.4 فیصد ہے۔
حکومت مہنگائی کے مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ہمہ جہت ہے،
وزیراعظم آنے والے دنوں میں بڑے پروگراموں کا اعلان کریں گے@fawadchaudhry— Fawad Chaudhry (Updates) (@FawadPTIUpdates) October 20, 2021
ترکی مہنگائی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے جہاں مہنگائی کی شرح 19.6 فیصد جبکہ برازیل 10.2 فیصد شرح کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔
