ڈیرہ غازی خان(صباح نیوز) پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ اگر ووٹ چوری کرکے ملک پر ناجائز حکمران ہوں گے تو بغاوت ہوگی۔ڈیرہ غازی خان میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت مخالف اتحاد کے سربراہ مولانافضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پورا ایشیا معاشی لحاظ سے ترقی کررہا ہے ،پاکستان کے ساتھ کوئی کاروبارکرنے کوتیار نہیں، پی ڈی ایم کی تحریک منطقی انجام تک جاری رہے گی۔ عمران خان کی حکومت میں ایک دن کا اضافہ ملک کے لیے نقصان دہ ہے، سوا تین سال میں عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے، نواز شریف کو بدنام کیا تو کم از کم ان سے کارکردگی تو اچھی دکھاتے، میری جنگ ہے کہ حکومت ہو گی تو عوام کے ووٹ کی بنیاد پر ہو گی ۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے صدر اور قومی اسمبلی میںقائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ عوام مایوس نہ ہوں یہ سیاہ رات ختم ہونے والی ہے، اب آپ اٹھو اور مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں باہر نکلو ،عوام ہمارا ساتھ دیں ہم مل کر اس مہنگائی اور حکومت کو مار بھگائیں گے،اگر عمران خان رہا تو جلد چینی 420 روپے ہو گی۔
