
نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں آلودگی میں کے باعث صبح کے اوقات میں شدید دھند معمول بن گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق نئی دہلی میں آلودگی کی سب سے بڑی وجہ دیوالی پر پٹاخوں کی بہتات ہے۔ دیوالی کے موقع پر پٹاخوں کی وجہ سے آلودگی پھیلی اور صبح کے وقت اس کے واضح اثرات دکھائی دیے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فضا میں نقصان دہ ذرات کی تعداد عالمی ادارہ صحت کی جانب سے مقرر کردہ حد سے 15گنا زیادہ تھی۔ بھارت کی اعلیٰ ترین عدالت نے دہلی میں پٹاخوں کی فروخت پر پابندی لگا رکھی تھی اور حکام نے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ اس بار دیوالی بم پٹاخوں کے بغیر منائیں، تاہم اس پرعمل نہیں کیا گیا۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے دنیا کے آلودہ ترین 30شہروں میں سے 22بھارت میں ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دیوالی کے بعد نئی دہلی کی فضا خطرناک حد تک آلودہ ہوچکی ہے اور دارالحکومت میں فضائی معیار میں 7 نومبر تک بہتری آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔بھارتی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق 2017 ء کے مقابلے میں 2019 ء میں 16 لاکھ 70 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
