واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) انتہا پسند مودی سرکار کی اقلیت مخالف پالیسیوں کا پردہ ایک بار پھر چاک ہوگیا۔ ایک امریکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت مسلمانوں، سکھ، مسیحی اور دلت آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت مذہبی آزادی متاثر کرنے والی پالیسیاں نافذ کر رہی ہیں اور قوانین سے مسلمانوں کے خلاف عدم برداشت اور خوف کا ماحول پیدا ہو رہا ہے۔ امریکا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے ریاستی حکام سوشل میڈیا کو اقلیتوں کے خلاف نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کرتے ہیں اور بھارت میں اقلیتوں کی عبادت گاہوں کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جن کی نگرانی بھی کی جاتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارتی سی اے اے کے قانون سے مسلمانوں کو جلا وطنی اور طویل حراست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ کمیشن نے امریکی محکمہ خارجہ کو بھارت میں مذہبی آزادی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کی سفارش بھی کر دی۔
