English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

حکومت ،بجلی گیس کی بڑھتی قیمتوں پر نظر ثانی کرے،الطاف میمن

القمر

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد الطاف میمن نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس انسانی اور کاروباری زندگی کے لیے ایک بنیادی جزو ہے جس کے بغیر صنعت و تجارت کو فروغ دینا ممکن نہیں۔ سابقہ اور موجودہ حکومت کا سستی بجلی و گیس تاجر و صنعتکار برادری اور عوام کو نہ فراہم کرنے سے کاروباری سرگرمیاں بالکل ماند پڑ چکی ہیں اور اُس پر یہ ظلم کہ نومبر کے بلوں میں 1.68 روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کے بعد بجلی کی قیمت 16.8 روپے فی یونٹ ہوگئی جس کی منظوری حکومت مارچ 2021 میں پہلے ہی دے چکی ہے۔ صدر چیمبر نے کہا کہ بجلی و گیس دونوں مہنگی ہونے کے باجود بلاتعطل دستیابی عوام اور تاجر برادری کو سخت پریشان کررہی ہے، سالانہ 4.5 اَرب ڈالر بجلی
کی چوری کا بوجھ پابندی سے بل ادا کرنے والے صارفین پر ڈالا جارہا ہے جس کی وجہ کمزور انفراسٹریکچر اور ٹرانسمیشن نظام کی بدحالی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی دعوﺅں کے بعد بھی پاکستان میں 5 کروڑ افراد بجلی سے محروم اور 9کروڑ افراد لوڈشیڈنگ کی وجہ سے کرب کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ پاکستان بھرپور قدرتی وسائل رکھنے کے باوجود بجلی کی پیداوار کا 64 فیصد انحصار ایندھن پر رکھتا ہے جبکہ دنیا کے بیشتر ممالک سورج کی روشنی، پانی، ہوا اور کوئلے سے بجلی بنارہے ہیں۔ الطاف میمن نے وزیر اعظم عمران خان اور وزیر توانائی حماد اظہر سے مطالبہ کیا کہ عوام اور تاجر برادری پر رحم کیا جائے، اگر معیشت کو اپنے پاﺅں پر کھڑا کرنا ہے تو بجلی اور گیس کی قیمتوں پر نظر ثانی اور صنعت و تجارت کی ترقی کے لیے ایسی سود مند پالیسیاں مرتب کرنا ہوں گی جس سے کاروباری سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے