ڈھاکہ: تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد بنگلہ دیش کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان نے کلین سوئپ مکمل کرلیا ہے۔
ڈھاکاکے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز اپنے نام کرلی۔ بنگلادیش کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز محمد رضوان اور بابر اعظم نے کیا، دونوں کے درمیان 32 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم بابر اعظم 19 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد محمد رضوان اور حیدر علی نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا لیکن رضوان 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔
رضوان کے آؤٹ ہونے کے بعدسرفراز احمد بیٹنگ کیلئے آئے،حیدر علی نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 45 رنز کی اننگز کھیلی تاہم آخری اوور میں جب پاکستان کو 8 رنز درکار تھے،پہلے سرفراز احمد آؤٹ ہوئے اور اس کے بعد حیدر علی بھی آؤٹ ہوگئے ،پاکستان کو جیت کیلئے اس موقع پر 3 گیندوں پر 8 رنز درکار تھے، اس موقع پر بیٹنگ کیلئےآئےافتخار احمد نےپہلی گیند پر چھکا جڑ دیا،تاہم وہ بھی اگلی ہی گیند پر کیچ دے بیٹھے، قومی ٹیم کو ایک گیند پر دو رنز درکار تھے،بیٹنگ کیلئے آئے محمد نواز نے چوکا مار کر قومی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروادیا۔
قبل ازیں بنلگہ دیش کے کپتان محمود اللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ، بنگلہ دیش کی جانب سے محمد نعیم اور نجم الحسن شانتو نے اننگز کا آغاز کیا۔ پاکستانی بولنگ اٹیک کے آگے بنگلادیش کی بیٹنگ ایک بار پھر خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی اور کوئی بھی بنگلادیشی کھلاڑی بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہا جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں میزبان ٹیم 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 124 رنز ہی بناسکی۔
بنگلہ دیش کی پہلی وکٹ صرف 7 کے مجموعی اسکور پر گری، نجم الحسن شانتو 5 رنز بناکر شاہنواز دھانی کا شکار بنے، قومی ٹیم میں ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے ہی اوور کی تیسری بال پر وکٹ حاصل کی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے محمد نعیم نے 47 جب کہ شمیم حسین نے 22 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم اور عثمان قادر نے 2،2 جب کہ شاہنواز دھانی اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
