ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کا ایک انٹرویو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں انہوں نے کچھ دلچسپ باتیں کیں۔
محمد رضوان نے اس انٹرویو میں اپنے بیک گرائونڈ سمیت مختلف چیزوں پر بات کی۔رضوان کا کہنا تھا کہ یہ بات سب کو پتا ہے کہ ان کا تعلق کسی بڑے گھرانے سے نہیں اور نہ ہی وہ کسی بہت غریب فیملی سے تعلق رکھتے ہیں اس کے برعکس ان کا تعلق ایک متوسط طبقے سے ہے، یہی وجہ تھی کہ ان کے پاس کرکٹ کھیلنے کے لیے سامان بھی نہیں ہوتا تھا ۔قومی کرکٹر نے کہا کہ جب میں کرکٹ گرائونڈ دیکھنے کی خواہش میں گرائونڈ چلاگیا تو مجھ سے گرائونڈ مین نے پوچھا یہاں کیا کررہے ہو اس پر میں نے فورا جواب دیا گرائونڈ دیکھنے آیا ہوں تو اس نے پیچھے سے تھپڑ مار کر باہر نکلنے کا کہا۔سوشل میڈیا اکائونٹس کے حوالے سے رضوان نے بتایا کہ ان کے پاس فیس بک ہے اور نہ انسٹاگرام اکائونٹس، سوائے ٹوئٹر کے تصدیق شدہ اکائونٹس کے ان کا کوئی اکانٹ نہیں، ایک واٹس ایپ اکائونٹ ہے جو کہ صرف فیملی کے لیے رکھا ہوا ہے اس کے علاوہ انہیں سوشل میڈیا کے حوالے سے کچھ نہیں پتا اور یہی وجہ تھی وزڈن کرکٹر کا ایوارڈ جب دیا گیا تو وہ انہیں کسی اور کھلاڑی نے اس حوالے سے آگاہ کیا۔رضوان نے مزید بتایا کہ کرکٹ ٹیم کے حوالے سے کوئی بات ہو تو ہمارے میڈیا مینیجر ابراہیم مجھ تک پہنچاتے ہیں ۔

