English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

امریکا کا طالبان کے ساتھ پھر مذاکرات کا اعلان

القمر

واشنگٹن،کابل(خبرایجنسیاں)امریکا افغانستان میں انسانی بحران ، دہشت گردی سے نمٹنے اور دیگر مسائل پر طالبان کے ساتھ بات چیت کے لیے آئندہ ماہ قطر میں دوبارہ مذاکرات شروع کرے گا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے گزشتہ روز بیان میں بتایا کہ طے شدہ منصوبے کے مطابق قطر میں2ہفتے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں امریکی وفد کی قیادت افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندہ ٹام ویسٹ کریں گے۔ مذاکرات میں امریکا کے اہم قومی مفادات ، داعش اور القاعدہ کے خلاف انسداد دہشت گردی آپریشنز، انسانی امداد، افغانستان کی بگڑتی معیشت اور 20سالہ افغان جنگ کے دوران امریکا کیلیے کام کرنے والے افغان اور امریکی شہریوںکے افغانستان سے نکلنے کا محفوظ راستہ نکالنے پر بات چیت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھے گا اور فی الحال صرف انسانی امداد فراہم کرے گا۔دوسری جانب ترجمان طالبان نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ اگلے ہفتے دوحا میں ہونے والے مذاکرات سے سیاسی تعلقات میں ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترجمان طالبان نے آئندہ ہفتے امریکا کے ساتھ مذاکرات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی، سماجی اور معاشی تعلقات کے نئے باب کا آغاز ہوگا۔ترجمان طالبان نے مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان مذاکرات سے افغانستان کو درپیش مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی اور غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے