ایڈیلیڈ (جسارت نیوز)ایشیزسیریز دوسرے ایڈیلیڈ ٹیسٹ پر میزبان آسٹریلیا نے گرفت مضبوط کرلی ،آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز 473 رنز 9کھلاڑی آئوٹ پر ڈکلیئر کردی،جواب میں انگلینڈ ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف17رنز پر ہی دونوں اوپنرز پویلین لوٹ گئے۔انگلش ٹیم کو میزبان کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید456رنز درکار ہیں اور اسکی8وکٹیں ابھی باقی ہیں۔جمعہ کوایڈیلیڈ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تو اسے محض4رنز کے مجموعی اسکور پر مارکس ہیرس کی وکٹ کی صورت میں نقصان اٹھاناپڑا تھا۔تاہم پہلی وکٹ کے بعدڈیوڈ وارنر(95)اور مارنس لبوشین(103) نے 172 رنز کی شراکت قائم کرکے آسٹریلیا کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ٹیسٹ کے دوسرے روزکپتان اسٹیواسمتھ93اور ایلکس کارے51رنز بناکر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔
