
کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کے تحت سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون ،شہری اداروں پر قبضے کے خلاف
اور کراچی کے ساڑھے 3 کروڑ عوام کے مسائل کے حل اور جائز وقانون حق کے لییآج 3بجے دن ایم اے جناح روڈ پر مزار قائد تا تبت سینٹر عظیم الشان اور تاریخی ’’کراچی بچاؤ مارچ‘‘ منعقد ہوگا۔ مارچ میں شہر بھر سے خواتین سمیت عوام کی بہت بڑی تعداد شریک ہوگی۔مارچ میں مختلف شعبہ ہائے زندگی وطبقات اور اقلیتی برادری سے وابستہ افراد ، مزدور تاجر و صنعتکار ،علما کرام ،اساتذہ کرام، وکلا، ڈاکٹرز ، انجینئرز ،طلبہ ، بچے ، بزرگ ونوجوان اہل کراچی کی حق تلفی اور سندھ حکومت کی کراچی دشمنی کے خلاف بھر پور احتجاج کریں گے ۔امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے ۔مارچ کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔’’کراچی بچاؤ مارچ‘‘ میں عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کے پیش نظر بڑے پیمانے پر تیاریاں اور انتظامات کیے گئے ہیں ۔ مارچ کے شرکا تمام اضلاع سے جلوسوں او رریلیوں کی شکل میں امرائے اضلاع کی قیادت میں مزار قائد پہنچیں گے ۔ ایم اے جناح روڈ پر سڑک کے ایک ٹریک کو خواتین اور دوسرے ٹریک کو مردوں کے لیے مختص کیا گیا ہے ۔تبت سینٹر پر قائدین کے خطاب کے لیے ایک بہت بڑا اسٹیج تیار کیاگیا ہے اور بڑے پیمانے پر ساؤنڈ سسٹم کا انتظام کیا گیا ہے ۔ایم اے جناح روڈ پر بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے جھنڈے سندھ حکومت کے کالے بلدیاتی قانون کے خلاف اور حقوق کراچی تحریک کے مطالبات پر مشتمل بینرز لگائے گئے ہیں۔دریں اثنا حقوق کراچی مارچ کی تیاریوں اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ہفتے کو بھی شہر بھر میں بڑی تعداد میں کیمپ لگائے گئے ، رات گئے تک کیمپوں پر زبردست گہما گہمی ،نوجوانوں کا جوش وخروش اور عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت دینے کا سلسلہ جاری رہا ،کیمپوں پر حق دو کراچی کو مہم کے حوالے سے ترانے چلتے رہے ،رہائشی علاقوں ، اہم سڑکوں اور شاہراہوں پر موٹر سائیکل ریلیاں نکالی گئیں اور شہر بھر میں موبائل پبلسٹی بھی کی جاتی رہی ۔ علاوہ ازیں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن ، نائب امرا ڈاکٹر اسامہ رضی ، عبدالوہاب، ڈپٹی سیکرٹریز یونس بارائی ، عبد الرزاق اور دیگر ذمے داران سمیت امرائے اضلاع نے بھی مختلف کیمپوں کا دورہ کیا ۔مہم میں مصروف کارکنوں سے ملاقات کی اور ان کی کوششوں ،حوصلوں و جذبوں کو سراہا،شہر بھر میں مارچ کے ہینڈ بلز تقسیم کیے اور ان کو شرکت کی دعوت دی ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کیمپوں پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سندھ حکومت کی مسلسل کراچی دشمن پالیسیوں و اقدامات ،کالے بلدیاتی قانون کے ذریعے شہری اداروں اور وسائل پر قبضے کے خلاف ’’کراچی بچاؤ مارچ‘‘ موجودہ حالات میں بہت اہمیت کا حامل ہے ۔مارچ کراچی کے عوام کے احساسات وجذبات کا حقیقی ترجمان اور عوام کے اتحاد و یکجہتی کا بھرپور مظہر ثابت ہوگا ۔ کراچی کے عوام ہی کراچی کی اصل قوت ہیں اور عوامی قوت اور طاقت کے سامنے کوئی نہیں ٹھیر سکے گا۔کراچی اپنا حق لے کررہے گا۔تمام حکمران پارٹیوں نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا ،جماعت اسلامی عوام کے ساتھ ہے ، ہم نے پہلے بھی کراچی کی مثالی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کراچی کو بنانے و سنوارنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
