English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پختونخواہ میں خونریز بلدیاتی انتخابات ،فائرنگ دھماکے 5 افراد جاں بحق ،شبلی فراز بچ گئے

پشاور: بلدیاتی انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشن میںشہری ووٹ ڈال رہاہے

پشاور/کرک/درہ آدم خیل( خبر ایجنسیاں) خیبر پختونخوا کے 17 اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کئی مقامات پر انتخابی دنگل میدانِ جنگ بن گیا جبکہ خودکش دھماکے،راکٹ حملے اور فائرنگ کے واقعات میں ایم این اے شاہد خٹک کے چچازادسمیت 4افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے‘زخمیوں میں جنرل کونسلر کا امیدوار بھی شامل ہے۔ ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقہ کمرسر میں خودکش دھماکے میں 2 افرادجاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے۔ وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان نے دھماکے میں جاں بحق افراد کے ورثا کے لیے 5 ، 5 لاکھ جبکہ زخمیوں کے لیے 2، 2لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ادھر ضلع کرک کی تحصیل تخت نصرتی پولنگ اسٹیشن میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی اورفرار ہوگئے۔فائرنگ میں پی ٹی آئی کے ایم این اے شاہد خٹک کے چچازاد بھائی اوران کا گارڈ جاں بحق اور چارافراد زخمی ہوگئے جبکہ واقعے کے بعد پولنگ روک دی گئی۔ضلع خیبر بلدیاتی الیکشن کے دوران میدان جنگ بن گیا، زخہ خیل اورلنڈی کوتل میں مسلح افرادکے پولنگ اسٹیشنوںپرحملے اور فائرنگ سے بھگڈرمچ گئی جبکہ تصادم کے درمیان راکٹ چل گئے۔پولنگ اسٹیشن پربیلٹ باکس توڑے گئے اور الیکشن مواد کوبھی نقصان پہنچایا گیا جبکہ بھگڈر اور بدنظمی کے بعد 20 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کاعمل بند ہوگیا ۔تحصیل جمرود کے علاقہ ملاگوری میں پولنگ اسٹیشن میں بھگدڑاور ہوائی فائرنگ کے بعد پولنگ کا عمل شدید متاثر رہا۔خیبر کی تحصیل باڑہ کے علاقے جان خان اسکول میں خواتین پولنگ اسٹیشن میں بدنظمی کے بعد پولنگ کا عمل روک دیاگیا‘ضلع مہمند کے شہید بانڈا پولنگ اسٹیشن کے باہر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ویلج کونسل کے جنرل کونسلر کے امیدوار زخمی ہوگئے۔ضلع ٹانک کے نواحی علاقے ملازئی میں پولنگ اسٹیشن پر 2 سیاسی پارٹیوں کے درمیان تصادم کے بعد پولنگ کا عمل شدید متاثر رہا تاہم ضلعی انتظامیہ نے پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کرادیا۔ضلع لکی مروت میں ملتانی من جیوالہ کے خواتین کے پولنگ اسٹیشن کے باہر فائرنگ سے علاقہ میں کشیدگی پھیل گئی۔ فائرنگ کے بعد پولنگ روک دی گئی تاہم ڈی پی او شہزادہ عمر ریاض نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا۔کوہاٹ کے سن گڑھ گرلز پرائمری اسکول پولنگ اسٹیشن میں دھاندلی کی شکایت پر تحصیل میئر کے امیدوار نے پولنگ رکوا دی تاہم اسسٹنٹ کمشنر نے خاتون پریذائیڈنگ افسر کو کام سے روک کر چارج ڈپٹی پریذائیڈنگ افسر کے حوالے کر دیا۔ بونیرکی تحصیل چغرزئی میں بد نظمی کے باعث خواتین پولنگ اسٹیشن پر پولنگ کا عمل روکا گیا تاہم کچھ دیر بعد دوبارہ شروع کردیا گیا۔ پشاور میں گورنمنٹ پرائمری اسکول شاہ عالم پولنگ اسٹیشن میں بدنظمی اور دھکم پیل میں پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے۔ جے یو آئی رہنما اور کے پی کے اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے الزام عاید کیا ہے کہ بنوں کی تحصیل بکا خیل میں پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر شاہ محمد خان نے 5 پولنگ اسٹیشنز پر دھاوا بولا، سامان اور عملے کو بھی اغوا کر کے لے گئے۔بنوں کی تحصیل بکا خیل میں امن و امان کی خراب صورت حال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے تحصیل بکا خیل میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے ڈیرہ اسماعیل خان میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار عمرخطاب شیرانی کے قتل کے بعد کونسل مئیر شپ کی نشست کا الیکشن ملتوی کردیاگیا۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز پر درہ آدم خیل میں حملہ کیا گیا جس میں وہ معجزاتی طور پر محفوظ رہے تاہم ان کا ڈرائیور اور گارڈ زخمی ہوگئے۔ وفاقی وزیر شبلی فراز آبائی علاقے کوہاٹ سے پشاور آرہے تھے کہ نامعلوم افراد نے درہ آدم خیل میں ان کی گاڑی پر حملہ کردیا۔ڈی آئی جی کوہاٹ طاہر ایوب نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر شبلی فراز کی گاڑی پر فائرنگ نہیں پتھرا ئوہوا ہے‘ ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا جس کی حالت خطرے سے باہر ہے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے