لاہور:امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں بلدیاتی انتخابات کے دوران خود کش حملہ ، فائرنگ اور متعدد پولنگ اسٹیشن پر ہنگامہ آرائی کے باعث ہلاکتیں افسوسناک ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید قصوری نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں پر امن بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کروانے میں ناکام ہو گئی ہے، پولنگ کیمپوں کو نذر آتش کرنا پولیس اور دیگر انتظامیہ کی فول پروف سیکورٹی کے دعوؤں کی نفی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر شبلی فراز پر قاتلانہ حملہ بھی قابل مذمت ہے، المیہ یہ ہے کہ موجودہ حکمران نہ عوام کو ریلیف فراہم کرسکے ہیں اور نہ ہی بلدیاتی انتخابات کو پر امن بنا سکے۔ ان کے کریڈٹ پر نااہلی اور ناتجربہ کاری کی لمبی فہرست ہے۔
رہنما جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ان سے نجات حاصل کی جائے ۔ 22کروڑ عوام کو صرف جھوٹے وعدے کرکے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگادیا گیا ہے۔قوم ان ظالم حکمرانوں کی اصلیت جان چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت پاکستان اس وقت گھمبیر مسائل کی زد میں ہے۔عوام کی زندگی اجیرن بنانے والوں سے خیر کی توقع نہیںکی جاسکتی۔
محمدجاوید قصوری نے مزید کہا کہ حکومت وقت عوام کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ مہنگائی کا جن ان کے کنٹرول سے باہر ہے ۔ محض دکھاوے اور ڈنگ ٹپاؤ اقدامات سے ملک و قوم ترقی کرسکتے ہیں اور نہ ہی عوام کو سکھ کا سانس مل سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہر سطح پر عوامی مسائل کو اجاگر کرتی رہے گی۔ قوم اپنے حقیقی نمائندوں کو پہچاننے اور آئندہ انتخابات میں ان کو کامیاب کروائے۔

