مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے امریکا اور کینیڈا کو سفر کے لحاظ سے اپنی ریڈ لسٹ میں شامل کر لیا۔ اس فیصلے کی وجہ ان دونوں ممالک میں کورونا وائرس کی قسم اومیکرون کا پھیلاؤ ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینیت کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق کابینہ کی طرف سے منظور کیے گئے اس فیصلے پر آج سے عمل شروع ہو گا۔ اس فیصلے کے تحت اسرائیلی شہریوں کو خصوصی اجازت نامے کے بغیر امریکا یا کینیڈا کا سفر کرنے سے روک دیا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزارت صحت نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ریڈ لسٹ میں رکھے گئے ممالک میں بعض یورپی ممالک کا اضافہ کیا جائے۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اسرائیلیوں کو امریکا کے سفر سے روکے جانے کا فیصلہ حکومت کے لیے انتہائی پیچیدہ ہو سکتا ہے کیوں کہ ایسے لاکھوں افراد ہیں جو دونوں ملکوں کی شہریت رکھتے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیت نے کابینہ کے اجلاس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اسرائیل کو کورونا وائرس کی پانچویں لہر کا سامنا ہے۔ اومیکرون تیزی سے پھیل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ سفر پر پابندی برقرار رکھیں گے ، تا کہ مزید لاک ڈاؤن سے اجتناب برتا جا سکے۔ اس سلسلے میں اسرائیلی شہریوں کو فرانس، آئرلینڈ، ناروے، اسپین ، فن لینڈ اور سوئیڈن کا سفر کرنے سے اجتناب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
