کراچی (اسٹاف رپورٹر)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی 20 اور ٹیسٹ پلیئرز کی تازہ ترین درجہ بندی جاری کر دی، بابر اعظم ٹی 20 اور مارنس لابوشین ٹیسٹ میں نمبر ون بیٹر بن گئے ۔ محمد رضوان بہترین کارکردگی کی بدولت تیسرے نمبر پر آگئے۔ بولنگ میں شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان ٹاپ 10 پوزیشن پر برقرار ہیں۔ آئی سی سی نے گزشتہ روز ٹی 20 اور ٹیسٹ پلیئرز کی رینکنگ کا اعلان کر دیا جس کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم مشترکہ طور پر ٹی 20 کے نمبر ون بیٹر بن گئے۔ بابر اعظم اور انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان کے یکساں 805 پوائنٹس ہیں۔2021 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان چوتھے سے تیسرے نمبر پر پہنچ گئے۔ بولرز رینکنگ میں پاکستان کے شاداب خان 9ویں پوزیشن پر برقرار ہیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی 12 ویں اور حارث رئوف کی 22 ویں پوزیشن ہے۔

