English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کامن ویلتھ گیمز کوئنزبیٹن پاکستان پہنچ گئی، آج تقریب رونمائی ہوگی

کامن ویلتھ گیمز کوئنز بیٹن کی پاکستان آمد پر پی او اے کے صدر جنرل عارف حسن پریس کانفرنس کرتے ہوئے ،ڈپٹی ہائی کمشنر مارٹن ڈاوسن بھی موجود ہیں

کراچی (سید وزیر علی قادری) کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر لیفٹنٹ جنرل(ر)سید عارف حسن نے کہا ہے کہ آئندہ سال ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے کی پاکستان آمد خوش آئند ہے۔ اس کے کامیاب دورے سے عالمی سطح پر مثبت تاثر جائے گاپاکستان دولت مشترکہ کے ممالک کے درمیان ہونے والے گیمز میں بھرپور شرکت کرے گا۔ قومی گیمز پروگرام کے مطابق کوئٹہ ہی میں منعقد ہوں گے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں کراچی میں تعینات برطانوی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر مارٹن ڈاوسن کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔ اس موقع پرسی ڈبلیوجی اے پاکستان سیکریٹری خالد محمود ،آرگنائزنگ کمیٹی کی چیئرپرسن فاطمہ لاکھانی ، ڈپٹی چیئرمین سید وسیم ہاشمی اور سیکریٹری احمد علی راجپوت بھی موجود تھے۔ جنرل عارف حسن نے کہا کہ آئندہ سال 28 جولائی سے 8 اگست برطانیہ کے شہر برمنگھم میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کی کوئنز بیٹن ریلے پاکستان کے پر امن تصور کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے ۔کوئنز بیٹن ریلے رکن 72 ممالک کا سفر کرے گی اور پاکستان 23 واں ملک ہے جہاں یہ ریلے آئی ہے۔ ریلے کا مقصد کھیلوں کے ذریعے امن و محبت کا پیغام دینا ہے آج برٹش ڈپٹی ہائی کمیشن میں بیٹن کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن پاکستان کے حوالے کی جائے گی۔ کراچی میں ریلے کا آغاز کل سندھ مدرستہ السلام میں منعقدہ تقریب سے ہو گا جس کے بعد بیٹن کو مزار قائداعظم لے جایا جائے گا ۔ بدھ کو بیٹن ریلے کوکراچی گرامر اسکول اور ککری گرائونڈ لیار ی میں بھی لائی جائے گی۔ جس کے بعد بیٹن اپنے اگلے سفر پر مالدیپ روانہ ہوگی۔ سابق اسکواش چیمپئن جہانگیر خان ، معروف انٹرنیشنل ریسلر انعام بٹ، جیولین اسٹار ارشد ندیم، ویٹ لفٹر طلحہ طالب بھی ان تقریبات میں شرکت کریں گے میڈیا بریفنگ میں قائم مقام برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ریلے پاکستان آنے سے دنیا میں خوشگوار تاثر جائیگاکھیلوں میں پاکستان کی کارکردگی قابل قدر ہے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کا30 رکنی دستہ شریک ہوگا جبکہ گیمز میں 19 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے ایک سوال کے جواب میں جنرل عارف حسن کاکہنا تھا کہ آئندہ قومی گیمز بلوچستان ہی میں ہوں گے اورکوئٹہ میزبانی کرے گاکوشش ہے کہ کامن ویلتھ گیمز سے پہلے قومی گیمز کا انعقاد ہو امید ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی کارکردگی بہتر رہے گی۔ کامن ویلتھ گیمز کی تیاریوں کے حوالے سے ہم نے اپنا پلان وفاقی حکومت کو بھیج دیا ہے اس موقع پر سید عارف حسن نے مارٹن ڈائوسن اور آرگنائزنگ کمیٹی کے عہدیداران کے ہمراہ بیٹن ریلے کی آفیشل شرٹس کی رونمائی بھی کی ۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے