حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)تعلیمی بورڈ حیدر آباد کی جانب سے نویں اور دسویں جماعت کی فیسوں میں کیے جانے والے اضافہ کے خلاف مختلف اسکولوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے گزشتہ روز بھی حیدرآباد کے مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم طلبا ء کی بڑی تعداد نے فیسوں میں اضافے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور فیسوں میں اضافہ کے خلاف نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سجاد حسین، آکاش عمیر اور دیگر طلباء نے کہا کہ تعلیمی بورڈ کی جانب سے فیسوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے جسے فوری طور پر بند کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ اب تعلیمی بورڈ کی انتظامیہ نے نویں اور دسویں کلاسوں کی امتحانی فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے جس سے غریب طلبا و طالبات انتہائی پریشان ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نویں اور دسویں کلاس تک تعلیم کا حصول مشکل بنادیا گیا ہے جبکہ غریب طلباء اتنی بھاری فیسیں ادا کرنے کی قوت نہیں رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم مہنگی ہونے کے بعد اب غریب والدین اپنی اولاد کو غربت کے سبب تعلیم کے زیور سے آراستہ نہیں کرا سکتے ہیں جو قابل افسوس بات ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا کہ فیسوں میں اضافے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے کر غریب طلباء کے ساتھ انصاف کیا جائے تاکہ غریب طلباء بھی تعلیم حاصل کر سکیں۔
