بدین(نمائندہ جسارت ) بدین کے شہر کھوسکی کے سرکاری پرائمری اسکول کی دیوار گرنے کے باعث ایک معصوم طالب علم موقعہ پر جاں بحقہوگیا، ضلع بھر کے سیکڑوں سرکاری اسکول خستہ حالی کے باعث آئے روز واقعات معمول بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدین کے شہر کھوسکی کے وارڈ نمبر 9 میں قائم سرکاری پرائمری اسکول کی دیوار خستہ حالی کے باعث گرگئی جس کے ملبے تلے آکر ایک 9 سالہ طالب علم منصور بھوت شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کے لیے بدین ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر اس نے دم توڑ دیا، بچے کی میت گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا جبکہ علاقہ پورا سوگ میں ڈوب گیا، ضلع بدین کے بیشتر سرکاری اسکولوں کی حالت خستہ حال ہوچکی ہے جبکہ اسکول انتظامیہ کی جانب سے محکمہ تعلیم کے افسران کو بار بار آگاہی بھی جاتی ہے کہ اسکولوں کی مرمت کی جائے لیکن انتظامیہ ہر بار بجٹ نہ ہونے کا ڈرامہ بنا کر ان خستہ حال اسکولوں کی تعمیر و مرمت نہیں کرتی جس کے باعث آئے روز اسکول کی چھتیں، دیواریں گرنے کے واقعات رونماء ہوتے ہیں کئی بچے بھی اس میں زخمی ہوتے ہیں جبکہ مذکورہ اسکول کی حالت بھی انتہائی خراب ہونے کے باعث اسکول انتظامیہ کی جانب سے محکمہ تعلیم کو بارہا آگاہی دینے کے باوجود کوئی بھی مرمت نا ہونے کے باعث یہ واقعہ پیش آیا جبکہ شہری و سماجی حلقوں کی جانب سے اس واقعے پر اظہار افسوس کے ساتھ واقعے کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
