English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تیرا لوٹا مردہ باد میرا لوٹا زندہ باد کی فضا بنادی گئی،معراج الہدیٰ

القمر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ یہاں تیرا لوٹا مردہ باد میرا لوٹا زندہ باد کی فضا بنادی گئی ہے۔ آئو ہم ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو ان مول ہیں جن کو کوئی خرید نہیں سکتا۔ نہ مال وزر سے نا عہدوں اور وزارتوں کی لالچ دے کر۔ یہ قیادت صرف جماعت اسلامی پیش کرسکتی ہے اور اس کے ارکان کا کردار ہر دور میں واضح اور صاف ستھرا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی علاقہ بلال کے زیراہتمام عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع غربی مولانا مدثر حسین انصاری نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہاکہ رمضان کا مہینہ تربیت وتذکیر کا مہینہ ہے قرآن نے اسے مبارک ماہ کہا ہے اس سے ہم نے کیا سیکھا یہ احتساب کی ضرورت ہے ۔اس افطار سے واپس جاکر ہمیں اپنے والدین اور متعلقین سے اپنی زیادتیوں اور غلطیوں کی معافی مانگنی ہے کیونکہ والدین کے نافرمان کی قبولیت شب قدر میں بھی نہیں۔ مسجدیں بھر گئیں افطار کے ہرطرف بڑے بڑے پروگرامات ہورہے ہیں لیکن دیکھنا یہ ہے کہ کیا لوٹ کھسوٹ، ناجائز منافع خوری، ملاوٹ اور تول میں کمی جیسی برائیوں سے بھی ہماری زندگی پاک ہوئی ہے یانہیں ۔ مولانا مدثر حسین انصاری نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے جرمن اسکول پر قبضہ چھڑانے کی قانونی جنگ جماعت اسلامی نے لڑی۔ ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے