English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پارلیمنٹ کی بہت بے توقیری ہوچکی،اب نہیں ہونی چاہئے،اسلام آبادہائیکورٹ

القمر

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کی ن لیگ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے ہیں کہ پارلیمنٹ کا احترام کریں‘ بے توقیری بہت ہو گئی ہے‘ عدالت نے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری اور دیگر کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کر تے ہوئے سماعت 22 اپریل تک ملتوی کر دی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں3 رکنی لارجر بینچ نے قائم مقام اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس ملتوی کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ 16 اپریل کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلایا گیا اور پھر 22 اپریل تک ملتوی کردیا گیا‘ڈپٹی اسپیکر اس وقت قائم مقام اسپیکر ہے کیونکہ اسپیکر مستعفی ہوچکے ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے دوران سماعت استفسار کیا کہ کیا اس اجلاس کا اہم ایجنڈا اسپیکر قومی اسمبلی منتخب کرنا ہے؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جی اس اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کو منتخب کرنا ہے‘16 اپریل کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر کو ہٹانے کا کوئی ایجنڈا شامل نہیںہے‘ اس وقت قومی اسمبلی بغیر اسپیکر کے ہے‘ ڈپٹی اسپیکر جو قائم مقام اسپیکر ہے اس کو ہٹانے کے لیے تحریک عدم اعتماد لائی گئی ہے جس پر عدالت نے کہا کہ رولز میں تو کہا گیا ہے کہ جتنا جلدی ممکن ہو اجلاس بلایا جائے‘ اجلاس بلانا نہ بلانا تو اجلاس کی اندرونی کارروائی ہے‘ اگر اجلاس 22 اپریل کو بھی ہوجائے تو مسئلہ کیا ہے؟ جس پر وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک آئی ہے‘ وہ کوئی آرڈر نہیں جاری کرسکتا جس پر عدالت نے کہا کہ رولز میں ایسی کوئی قدغن نہیں کہ وہ اپنے آفس میں نہیں بیٹھ سکتا یا کوئی آرڈر نہیں دے سکتا۔اجلاس ملتوی کرنے کے لیے وجوہات کیا دی گئی ہیں؟جس پر وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ اجلاس ملتوی کرنے کے لیے کوئی خاص وجہ بیان نہیں کی گئی‘ یہ کیس پارلیمان کی اندرونی کارروائی سے متعلق ہے مگر عدالت عظمیٰ کے فیصلے موجود ہیں‘ عدالت عظمیٰ کے لارجر بینچ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو معطل کیا ہے‘ اظہر صدیق کیس میں عدالت عظمیٰ نے واضح کیا ہے کہ عدالت کہاں کہاں مداخلت کرسکتی ہے جس پر جسٹس بابر ستار نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس 22 اپریل کو بلایا گیا ہے تو اجلاس ہونے دیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے