کراچی/اسلام آباد (اے پی پی)معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کی بیوہ بلقیس ایدھی جمعہ کے روز مقامی اسپتال میں انتقال کرگئیں۔بلقیس ایدھی کی عمر74 برس تھی وہ گزشتہ چند روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھیں۔ترجمان ایدھی فائونڈیشن کے مطابق مرحومہ عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں۔بلقیس ایدھی کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ پاکستان کی سب سے بڑی سماجی تنظیم کے سربراہ عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد بلقیس ایدھی فائونڈیشن کی چیئرپرسن بنیں اور فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ وہ 14اگست 1947ء کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیداہوئیں اور پھرخاندان کے ساتھ ہجرت کرکے کراچی آبسیں۔ عبدالستار ایدھی سے ان کی شادی 1966ء میں ہوئی ۔حکومت پاکستان نے انہیں شاندار سماجی خدمات پر ہلال امتیاز کے ا عزاز سے نوازا ، انہیں روسی حکومت کی طرف سے لینن پیس پرائز بھی ملا ۔ انہوں نے سوگواروں میں فیصل ایدھی، کبریٰ ایدھی، کتب ایدھی اور الماس ایدھی کو چھوڑا ہے۔ دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، انہوں نے بلقیس ایدھی کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔ انہوں نے مرحومہ کے درجات کی بلندی اور سوگواران کے لیے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔
