English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مزدوروں کی کم از کم تنخواہ 25ہزارپر عمل درآمد یقینی بنایا جائے، جماعت اسلامی

القمر

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے سیکریٹری منعم ظفر نے کہا ہے کہ کراچی ملک کی اقتصادی شہ رگ اور صنعتی حب ہے یہاں کے مزدوروں کے مسائل فی الفور حل کیے جائیں۔

منعم ظفر کا کہنا تھا کہ  نئے وزیر اعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10فیصد اضافے کا اعلان کر کے واپس لے لیا، ہمارا مطالبہ ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ اور مزدوروں کی کم از کم تنخواہ  25ہزار روپے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ  ای او بی آئی کے پینشنر کی پینشن میں بھی اضافہ کیا جائے، اسلام کے عادلانہ و منصفانہ نظام سے ہی ملک اور قوم کے تمام مسائل حل ہوں گے، آج یہاں مختلف اداروں سے وابستہ مزدوروں کی بڑی تعداد جمع ہے۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کا مہینہ ہم پر سایہ فگن ہے ہمیں چاہیئے کہ اللہ اور اس کے رسول ؐ سے اور قرآن سے اپنا تعلق اور رابطہ مضبوط کریں گے، قرآن کے احکامات پر عمل کریں گے اور اس کو اللہ کی زمین پر نافذ کرنے کی جدو جہد کریں گے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ  یہ ملک کلمہ لا الہ الااللہ کی بنیاد پر قائم ہوا اور یہ کلمہ ہی ہمیں جوڑ سکتا ہے، بالکل اس طرح جس طرح تحریک پاکستان کے دوران برصغیر کے مسلمانوں نے ایک ہو کر قیام پاکستان کی جدو جہد کی اور 27ویں شب رمضان المبارک میں ہی اللہ تعالی نے ہمیں یہ مملکت عطا کی۔

انہوں نے کہا کہ  یہ ملک انصاف اور عدل کا نظام قائم کرنے کے لیے حاصل کیا گیا تھا لیکن بد قسمتی سے آج یہاں ظلم عام ہے، فیکٹریوں میں ٹھیکیداری نظام کے نام پر محنت کشوں کا استحصال کیا جا رہا ہے اس ظلم کے خلاف اگر مزدورمتحد اور یکجا ہو جائیں تو کوئی ان کے حقوق غصب نہیں کر سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے