لندن(جسارت نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رئوف نے انگلش کائونٹی چیمپئین شپ میں یارکشائر کی نمائندگی کرتے ہوئے ڈیبیو پر ہی 6وکٹیں اڑا لیں۔حارث رئوف نے گلوسٹر شائر کے خلاف پہلی اور دوسری اننگز میں باالترتیب 3،3وکٹیں حاصل کیں، جس کے باعث انکی ٹیم 6وکٹوں سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی۔ حارث نے پہلی اننگز میں 81رنز کے عوض 3جبکہ دوسری اننگز میں 96رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی تھی۔دوسری جانب گلوسٹر شائر کی نمائندگی کرنے والے ظفر گوہر کوئی خاص کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے، انہوں نے میچ میں محض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 40 رنز کی اننگز کھیلی۔اس سے قبل انگلش کرکٹر ہیری بروک نے کہا تھا کہ حارث رف بہت ہی باصلاحیت بولر ہیں، انگلش کنڈیشنز میں کافی خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں، اگر وہ یہاں پر پیس اور جارحیت کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے تو انھیں کھیلتے ہوئے دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا۔
