اسلام آباد(صباح نیوز+مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد شہباشریف نے کہا ہے کہ عالم اسلام کو اسلاموفوبیا کے خلاف متحدہونا چاہیے،سویڈن اور ہالینڈ میں اسلاموفوبیا کے حالیہ واقعات مسلمانوں کے لیے تکلیف دہ ہیں،عالمی برادری اسلاموفوبیا کے حالیہ واقعات کی مذمت کرے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منگل کو ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔شہباز شریف کا کہناتھاکہ پاکستان کے عوام اور پوری دنیا کے مسلمانوں کو سویڈن اور ہالینڈ میں ہونے والے حالیہ اسلاموفوبیا کے واقعات سے گہراصدمہ پہنچا ،اقوام عالم اسلاموفوبیا کے واقعات کے گھنائونے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے عید تک پنجاب میں آٹے اور چینی کی قیمتیں کم کرنے کی ہدایت کردی۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نے عید تک 10 کلو آٹے کی قیمت 550 سے کم کر کے صوبہ پنجاب میں 400 روپے اور رمضان بازار و یوٹیلیٹی اسٹورز میں فی کلو چینی کی قیمت 75 روپے سے کم کر کے70 روپے مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ باقی صوبے بھی یہ قیمتیں مقرر کرنے کی کوشش کریں، صوبہ پنجاب آٹا اور چینی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے بلوچستان اور آزاد جموں کشمیر کی مدد کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت ضرورت کے مطابق بلوچستان کو آٹا اور چینی اضافی ادا کرے گی۔مزیدبرآں وزیراعظم شہباز شریف سے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ،ملاقات میں قومی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔