کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے زڈن ٹی 20 کرکٹر کا ایوارڈ جیت لیا۔29 سالہ محمد رضوان کیلیے 2021 یادگار سال بن گیا، آئی سی سی ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر کے بعد وزڈن لیڈنگ ٹی 20 کرکٹر2021کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرلیا ۔ وکٹ کیپر بلے باز نے گزشتہ سال میں 29 بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 73.66 کی اوسط سے 1326رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور 12نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انگلینڈ کے جو روٹ وزڈن کے لیڈنگ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے۔جنوبی افریقا کی لیزل لی نے لیڈنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا اعزاز حاصل کیا۔جسپریت بمرا، ڈیون کانوے، اولی رابن سن، روہت شرما اور دین وین نکرک پانچ بہترین کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ محمد رضوان اس سے قبل آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔محمد رضوان کو 22ٹیسٹ،44 ایک روزہ اور 56 ٹی 20 میچز میں ملک کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔
