اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے بلوچستان کے علاقے آواران میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں جس کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ فوج اور سیکیورٹی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں بے مثال ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے دہشتگرد حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے میجر شاہد بشیر کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزامحمد آفریدی نے بھی دہشتگردانہ حملے کی شدید مذمت اور شہدا کے بلند درجات کیلئے دعا کی ہے۔
