کوئٹہ: وزیرِ اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے،کوئٹہ میں قومی شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کوئٹہ میں خضدار کچلاک قومی شاہراہ کے سیکشن ون اور سیکشن ٹو کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، کراچی، کوئٹہ، چمن شاہراہ کے حصے خضدار کچلاک قومی شاہراہ کی تعمیرِ نو اور اسے دو رویہ کرنے سے بلوچستان کے اہم شہروں کے مابین آمدورفت میں آسانی ہوگی۔
وزیرِ اعظم بلوچستان کے انتظامی امور، امن و امان کی صورتحال بالخصوص رمضان خصوصی پیکیج پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔ وہ بلوچستان میں اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت میں فروخت اور اشیا کی فراہمی کے فقدان کی شکایت پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
وزیر مواصلات مولانا اسد محمود، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال اور چیرمین بلوچستان نیشنل پارٹی سردار اختر مینگل ان کے ہمراہ ہیں۔ وزیرِاعظم بلوچستان میں عوامی نمائندوں سے ملاقات بھی کریں گے۔
