English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخابات کی ووٹنگ کا ریکارڈ ٹیمپرڈ ہے،گورنر رپورٹ صدر کو موصول

القمر

لاہور/ اسلام آباد (صباح نیوز) گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے حوالے سے رپورٹ میں کہا ہے کہ ووٹنگ کا ریکارڈ ٹیمپرڈ ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق گورنر پنجاب عمر چیمہ کی وزیراعلیٰ کے انتخاب کے حوالے سے تحفظات پر مبنی رپورٹ صدر مملکت عارف علوی کو موصول ہوگئی۔ گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو6 صفحات پر مبنی رپورٹ ارسال کی ہے جس میں انہوں نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کی آئینی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کی ہے‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب آئین اور قانون کے مطابق نہیں ہوا‘ انتخاب کی ووٹنگ کا ریکارڈ ٹیمپرڈ ہے‘ پولیس کو خلاف رولز ایوان میں داخل کیا گیا‘ ارکان اسمبلی کو ووٹ دینے سے روکا گیا‘ ووٹنگ آئین کے سکینڈ شیڈول کے منافی طریقہ کار کو اختیار کرکے کرائی گئی‘ ووٹنگ میں سیکنڈ شیڈول کو نظر انداز کیا گیا‘ رولز 21 رولز آف بزنس کے مطابق اسپیکر نے نتائج سے آگاہ کرنا ہوتا ہے‘ گورنر کا وزیراعلیٰ کے انتخابی عمل سے مطمئن ہونا ضروری ہوتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفا بھی متنازع ہے‘ اس میں بھی آئین کے آرٹیکل 130 سب سیکشن 8 کی خلاف ورزی کی گئی ہے‘ گورنر آفس کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا استعفا کبھی موصول نہیں ہوا‘ گورنر کو جب استعفا موصول ہی نہیں ہوا تو اس کو منظور کیسے کرسکتا ہے۔ رپورٹ میں گورنر پنجاب نے سفارشات پیش کرتے ہوئے درخواست کی ہے کہ وزیراعلیٰ کا الیکشن کالعدم قراردیاجائے۔ بیان کردہ حقائق کی روشنی میں میری آئینی طور پر رہنمائی کی جائے اور مجھے تجویز کیا جائے کہ اس صورتحال میں مجھے کیا اقدامات کرنے چاہئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے