English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یوکرین جیسے تجربے سے بچنے کیلئے روس کو کمزور کرنا چاہتے ہیں،امریکا

القمر

کیف (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے کہا ہے کہ یوکرین جیسے تجربے سے بچنے کے لیے روس کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ امریکی وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ یوکرین میں روس کے نقصانات اس کی قیادت کو ایسا عمل دوبارہ کرنے سے روکیں گے‘ اگر یوکرین کی مناسب مدد کی گئی تو وہ ابھی بھی جنگ جیت سکتا ہے۔ انہوں نے یوکرین کی فوجی کاوشوں کو سراہا۔ امریکا کے فوجی سربراہ نے کہا کہ ہم روس کو اس حد تک کمزور دیکھنا چاہتے ہیں کہ وہ یوکرین پر حملے جیسا کام پھر نہ کر سکے‘ امریکی وزیر دفاع نے بات کیف میں یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی سے ملاقات کے بعد کہی۔ ان کے ہمراہ امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن بھی تھے۔ 2 ماہ پہلے روس کے یوکرین پر حملے کے بعد یہ کسی بھی اعلیٰ امریکی اہلکار کا کیف کا پہلا دورہ ہے۔امریکی اور یوکرینی حکام کے درمیان تقریباً 3گھنٹے تک ملاقات جاری رہی۔ یہ ملاقات اس وقت ہوئی جب روس نے ملک کے جنوب اور مشرق میں فوجی مہم تیز کر دی ہے۔ یوکرین کے دورے کے بعد پولینڈ میں ایک نیوز کانفرنس میں آسٹن نے صحافیوں کو بتایا کہ امریکی اہلکار اب بھی سمجھتے ہیں کہ اگر یوکرین کے پاس درست آلات اور درست حمایت ہو تو یوکرین جنگ جیت سکتا ہے‘ امریکا یوکرین اور 15 دیگر اتحادی یورپی ممالک کو، جنہیں روسی جارحیت کا خطرہ ہے ان کو 55 کروڑ 90 لاکھ کی اضافی فوجی امداد دے گا۔ یوکرینی صدر زیلنسکی نے مغربی ممالک سے مزید فوجی امداد کا مطالبہ کیا ہے‘ اس طرح جنگ شروع ہونے کے بعد سے یوکرین کو 3.7 ارب ڈالر سے زیادہ کی امریکی سیکورٹی امداد دی جا چکی ہے۔ دریں اثنا وزیرخارجہ اینٹنی بلنکن نے اعلان کیا ہے کہ اگلے ہفتے سے کچھ امریکی سفارتی عملہ یوکرین واپس آ جائے گا‘ توقع ہے کہ شروع میں وہ مغربی یوکرین کے شہر لویو سے کام کریں گے اور بعد میں طویل مدتی منصوبے کے مطابق کیف میں امریکی سفارت خانہ دوبارہ کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے رپورٹروں کو بتایا کہ صدر ولادیمیر پیوٹن کی حکومت دباؤ میں آئی ہے‘ہماری حکمتِ عملی یوکرین کے لیے بہت زیادہ حمایت حاصل کرنا، روس پر بہت زیادہ دباؤ بڑھانا، روس کے خلاف سرگرم ممالک کے ساتھ اظہار یکجہتی اور حقیقی نتائج کے حصول کے لیے جدوجہد کرناہے۔ ملاقات کے بعد بات کرتے ہوئے یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا کہ ان کی حکومت نے امریکا کی جانب سے ’’بے مثال امداد‘‘ کو سراہا ہے‘ وہ یوکرینی عوام کی طرف سے یوکرین کی حمایت کرنے پر صدر بائیڈن کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے