کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی یونیورسٹی میں وین میں دھماکے کی اطلاع ملنے کے فوراً بعد چینی قونصلیٹ کا دورہ کیا۔ دھماکے کے نتیجے میں3 چینی فیکلٹی اراکین سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے،وزیراعلیٰ سندھ نے چینی قونصل جنرل مسٹر لی بی جیان سے ملاقات میں دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر مراد علی شاہ نے قونصل جنرل سے کہا کہ واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں گی۔ مراد علی شاہ نے قونصل جنرل کو یقین دلایا کہ مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سندھ کی مجموعی ترقی میں چین کی شراکت داری اہم ہے اور اس طرح کے بزدلانہ واقعات دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو متاثر نہیں کر سکتے۔ انہوں نے دھماکے میں ہلاک چینی شہریوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ مراد علی شاہ نے قونصل جنرل کو بتایا کہ حکومت نعشیںچین بھیجنے کے تمام انتظامات کرے گی، جس کے لیے انہیں قونصلیٹ کی رہنمائی کی ضرورت ہے۔ وزیرا علیٰ نے آصف زرداری اور چیئرمین بلاول زرداری کے تعزیتی پیغامات چینی قونصل جنرل کو پہنچائے۔
