English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اُٹھا لیا

القمر

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر کا حلف اُٹھا لیا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کے قلم دان کا تاحال اعلان نہیں کیا گیا البتہ اُن کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے ایک ٹوئٹ میں اُنہیں پاکستان کا کم عمر ترین وزیرِ خارجہ بننے پر مبارک باد دی ہے۔

بدھ کو ایوانِ صدر میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بلاول بھٹو زرداری سے اُن کے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا اور بلاول بھٹو زرداری کے اہلِ خانہ بھی شریک تھے۔

33 سالہ بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی میں ہونے والی طویل مشاورت کے بعد وزارتِ خارجہ کا منصب سنبھالنے جا رہے ہیں۔

اس سےقبل پیپلز پارٹی کے بعض وزرا اپنے عہدوں کا حلف اُٹھا چکے ہیں جن میں سید خورشید شاہ، سید نوید قمر، شیری رحمٰن، سید مرتضیٰ محمود، قادر پٹیل اور شازیہ مری شامل ہیں۔

بلاول بھٹو کی تقریبِ حلف برداری میں سابق صدر آصف علی زرداری، آصفہ بھٹو اور سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو کی بہن صنم بھٹو نے بھی شرکت کی۔

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سیاسی سفر کا آغاز دسمبر 2007 میں اپنی والدہ بے نظیر بھٹو کے راولپنڈی میں خود کش حملے میں ہلاکت کے بعد کیا تھا۔

وہ 2018 کے عام انتخابات میں پہلی مرتبہ این اے 200 لاڑکانہ سے رُکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

اپنی والدہ بے نظیر بھٹو اور نانا ذوالفقار علی بھٹو کی طرح بلاول بھٹو زرداری نے بھی آکسفرڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔ 1997 میں اپنی والدہ کی خود ساختہ جلا وطنی کے دوران بلاول بھٹو زرداری دبئی میں بھی مقیم رہے۔

مارچ 2019 میں بلاول بھٹو قومی اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب ہوئے اور پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتِ حال پر کھل کر اپنے مؤقف کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے