تیونس سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) تیونس میں حزب اختلاف کے ممتاز سیاسی رہنما صدر قیس سعید کے خلاف نئے اتحاد کا اعلان کردیا۔ سابق مطلق العنان صدرزین العابدین بن علی کی حکومت کی مخالفت میں پیش پیش بائیں بازو کے ممتاز سیاست دان 78 سالہ احمد نجیب شیبی نے کہا کہ نئے اتحاد نیشنل سالویشن فرنٹ کا مقصد سیاسی قوتوں کو متحد کرنا، آئینی اور جمہوری عمل کا دوبارہ آغاز کرنا اور ملک میں آزادیوں اور حقوق کی ضمانت دینا ہے۔ انھوں نے ایک نیوزکانفرنس میں کہا کہ ہم اقتدار سے آمریت کا خاتمہ اور جمہوریت کی طرف واپسی چاہتے ہیں۔ یاد رہے کہ قانون کے سابق پروفیسر صدر قیس سعید نے گزشتہ برس 25 جولائی کو حکومت کو برطرف کرکے پارلیمان معطل کر دی تھی ۔ بعد میں انہوں نے ازخود ایک حکم نامے کے ذریعے حکمرانی اور قانون سازی کے اختیارات بھی اپنے ہاتھ میں لے کر عدلیہ پر قبضہ کرلیا تھا۔ گزشتہ ماہ پارلیمان کو تحلیل کیے جانے کے باعث شمالی افریقی ملک میں 2011 ء کے انقلاب کے بعد نافذ سیاسی نظام کو دھچکا پہنچا تھا۔ نجیب شیبی نے اپنے بیان میں صدر قیس سعید کے متنازع اقدامات کی مخالفت کی اور انہیں آئین سے بغاوت کے مترادف قرار دیا۔ واضح رہے کہ نئے اتحاد میں اسلام پسند نہضہ تحریک سمیت 5سیاسی جماعتیں شامل ہیں۔
