کراچی (اسٹاف رپورٹر)معروف برطانوی بزنس مین جم ریٹکلف نے انگلش پریمئیر لیگ کے نامور فٹ بال کلب چیلسی کو خریدنے کے لئے اربوں ڈالرز کی پیش کش کر دی ہے۔برطانوی تاجر جم ریٹکلف نے گزشتہ روز پریمیئر لیگ کلب چیلسی کو خریدنے کے لیے 5.3 بلین ڈالرز کی پیش کش کی ہے۔چیلسی فٹ بال کلب کے روسی مالک رومن ابرامووچ نے یوکرین پر روس کے حملے کے بعد اگلے ہفتے برطانوی حکومت کی طرف سے منظوری ملنے سے پہلے بلیوز کو 2 مارچ کو فروخت کے لیے پیش کیا تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق نیویارک کے بینک رائن گروپ کے ساتھ رومن ابراموچ کے چیلیسی فروخت کرنے کے مذاکرات کافی آگے پہنچ چکے ہیں، اور جلد ہی ابراموچ اس کا اعلان بھی کرنے والے ہیں۔لیکن برطانوی بزنس مین جم ریٹکلف نے اب اپنی ٹوپی ایک بڑی اور بھاری بولی کی صورت میں رنگ میں ڈال دی ہے.جم ریٹکلف کی اس بھاری پیش کش کا مطلب ہے کہ چیلسی میں 10 سالوں میں 1.75 بلین پاؤنڈ کی سرمایہ کاری ہوگی جبکہ مزید 2.5 بلین پاؤنڈ یوکرین میں جنگ کے متاثرین کی مدد کے لیے ایک خیراتی ٹرسٹ کے لیے پرعزم ہیں۔ ریٹکلف کی پیشکش لندن کلب کے لیے اب تک کی سب سے بڑی پیشکش ہے۔
