مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے میں مارٹر گرینیڈ کی اطلاع پر وہاں موجود لوگوں میں خوف اور دہشت پھیل گئی۔ یہ بم ایک امریکی گھرانے کے پاس سے سیکورٹی جانچ کے دوران سامنے آیا۔ یہ بم 1967ء کی جنگ میں مقبوضہ جولان کی پہاڑیوں پر گرایا گیا ،جو اس دوران پھٹ نہیں سکا تھا۔ گزشتہ ہفتے ایک امریکی گھرانے کو یہ گرینیڈ پہاڑی علاقے میں سیر کے دوران میں ملا۔ انہوں نے اسے یادگار کے طور پر امریکا لے جانے کے لیے اپنے بیگ میں رکھ لیا تھا۔ چیکنگ کے دوران ائرپورٹ پر بیگ سے بم ملا تو ہوائی اڈے کے ہال میں موجود خوف کے مارے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔واقعے کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی ہے،جس میں اسرائیلی شہریوں کو ایک دوسرے کو روند کر جان بچاکر بھاگتے دیکھا جاسکتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی گھرانے کو پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا اور وہ طیارے میں سوار ہو کر امریکا روانہ ہوگئے۔ حکام نے بم کو ضبط کرلیا ہے۔
