English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں موجود 3 ارب ڈالرکی واپسی کی مدت میں توسیع کردی

القمر

ریاض :وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیاجس کے مطابق سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں موجود 3ارب ڈالرکی واپسی کی مدت میں توسیع کردی ۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے تحت مختلف امور پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا، دونوں ملکوں کا تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا، پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے بھرپورتعاون کوسراہا گیا،دونوں ملکوں کا نجی شعبے میں بھی تعاون پر اتفاق ہوا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک زراعت اورخوراک کے شعبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کریں گے، دونوں ملکوں نے ابلاغ عامہ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں ملکوں نے دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان کی معاشی مدد کے طور پر پیٹرولیم کی فنانسنگ بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، پاکستان نے سعودی گرین اورمڈل ایسٹ گرین منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔

دونوں ممالک نے سیاسی تنازعات کے حل کوترجیح دینے کا عزم بھی دہرایا، پاکستان سعودی عرب نے فلسطین کاز پر ہونے والی پیش رفت پربات چیت کی، فلسطین کا اسٹیٹس اورعرب اقوام میں اس کا اسلامی تشخص قائم رکھنے پر زور دیا گیا،

پاکستان اورسعودی عرب نے شام کے بحران کا حل عوام کی خواہشات کیمطابق تلاش کرنے پر زور دیا۔دونوں ممالک نے عراق کے استحکام اورجغرافیائی سالمیت کی حمایت پربھی زور دیا،

پاکستان سعودی عرب نے افغانستان کی سرزمین دہشت گرد گروہوں سے محفوظ بنانے پر زور دیا، افغان عوام کو امداد کی فراہمی اور اس ضمن میں حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے