English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب،پاکستان کو 8 ارب ڈالر کا پیکج ملنے کا امکان

القمر
 ابوظبی: وزیراعظم شہبازشریف متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمدبن زاید النہیان سے ملاقات کررہے ہیں

اسلا م آباد/ریاض(آئی این پی+مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے بعد پاکستان کو 8ارب ڈالر کے مالیاتی پیکیج ملنے کا امکان ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سعودی عرب میں موجود ہیں جبکہ وہ اضافی مالی پیکیج کے طریقہ کار کو حتمی شکل دیں گے۔ سعودی عرب پاکستان کو موخر ادائیگیوں پر تیل کی سہولت کے لیے 2.4 ارب ڈالرز فراہم کرے گا جبکہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان3 ارب ڈالرز کے موجودہ ڈپوزٹ کو جون 2023 ء تک رول اوور کرنے پر بھی اتفاق ہوگیا ہے۔ پاکستان کی سعودی عرب سے 2ارب ڈالرز کے اضافی پیکیج کو ڈپوزٹ یا سکوک کے ذریعے فراہم کرنے پر بات چیت جاری ہے، سعودی عرب ممکنہ طور پر مزید رقم پاکستان کو فراہم کرے گا، مجموعی پیکیج کے حجم کا اندازہ اس وقت لگایا جائے گا جب اضافی رقم کو حتمی شکل دے دی جائے گی جبکہ مجموعی طور پر یہ رقم8ارب ڈالرز کے قریب ہوگی۔علاوہ ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق سعودی عرب نے اسٹیٹ بینک میں موجود 3ارب ڈالرکی واپسی کی مدت میں توسیع کردی۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاک سعودی سپریم کوآرڈی نیشن کونسل کے تحت مختلف امور پر دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اتفاق کیا گیا،دونوں ملکوں کا تجارت کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا، پاکستان کی جانب سے سعودی عرب کے بھرپورتعاون کوسراہا گیا،دونوں ملکوں کا نجی شعبے میں بھی تعاون پر اتفاق ہوا۔اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک زراعت اور خوراک کے شعبوں میں نجی شعبے کی حوصلہ افزائی کریں گے،دونوں ملکوں نے ابلاغ عامہ کے شعبے میں تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔دونوں ملکوں نے دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کے لیے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان کی معاشی مدد کے طور پر پیٹرولیم کی فنانسنگ بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، پاکستان نے سعودی گرین اورمڈل ایسٹ گرین منصوبوں میں تعاون کی پیشکش کی۔دونوں ممالک نے سیاسی تنازعات کے حل کوترجیح دینے کا عزم بھی دہرایا، پاکستان سعودی عرب نے فلسطین کاز پر ہونے والی پیش رفت پربات چیت کی، فلسطین کا اسٹیٹس اورعرب اقوام میں اس کا اسلامی تشخص قائم رکھنے پر زور دیا گیا، پاکستان اورسعودی عرب نے شام کے بحران کا حل عوام کی خواہشات کے مطابق تلاش کرنے پر زور د یا ۔دونوں ممالک نے عراق کے استحکام اورجغرافیائی سالمیت کی حمایت پربھی زور دیا، پاکستان سعودی عرب نے افغانستان کی سرزمین دہشت گرد گروہوں سے محفوظ بنانے پر زور دیا، افغان عوام کو امداد کی فراہمی اور اس ضمن میں حمایت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے