اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی نے پنجاب میں گورنر اور سینئر وزیرکے عہدے سمیت 3 وزارتیں مانگ لیں۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں حکومت سازی کے معاملات پر پیپلز پارٹی نے پاور شیئرنگ کے لیے اپنی تجاویز مرتب کرلیں‘ پیپلز پارٹی جلد اتحادی لیڈر شپ کے ساتھ پاور شیئرنگ کو حتمی شکل دے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پارلیمانی لیڈرحسن مرتضیٰ کا نام سینئر منسٹر کے لیے تجویز کیا جا رہا ہے‘ مخدوم عثمان اور علی حیدر گیلانی کے لیے محکمہ فنانس اور محکمہ زراعت کی ڈیمانڈ ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی نے پنجاب کی گورنر شپ کا مطالبہ بھی کیا ہے اور اس کے لیے مخدوم احمد محمود کا نام تجویز کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پیپلز پارٹی محکمہ مواصلات، ایک مشیر، ایک معاون خصوصی اور ایک پارلیمانی سیکرٹری کا عہدہ بھی لینا چاہتی ہے۔ آصف علی زرداری اوربلاول زرداری جلد لیگی قیادت کے ساتھ اس معاملے پر حتمی مشاورت کریں گے۔
