ٹیلی گرام کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

القمرآن لائن کے ٹیلی گرام گروپ میں شامل ہوں اور تازہ ترین اپ ڈیٹس موبائل پر حاصل کریں

امریکا پاکستان میں فرمانبردار وزیراعظم چاہتا ہے،عمران خان

اسلا م آباد: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد (نمائندہ جسارت/ مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں فرمانبردار اور کٹھ پتلی وزیراعظم کا خواہاں اور پاکستان کے روس، یوکرین جنگ میں غیر جانبدارانہ کردار سے خائف تھا۔ ٹوئٹر پر انہوں نے جو بائیڈن انتظامیہ سے پاکستان میں حکومت کی تبدیلی پر وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا کہ 22 کروڑ آبادی کے حامل ملک کے منتخب وزیراعظم کو ہٹا کر کٹھ پتلی وزیراعظم کو لایا گیا‘ کیا امریکا کے اس اقدام سے پاکستان میں امریکا مخالف جذبات کو تقویت نہیں ملی؟۔ عمران خان نے کہا کہ سازش کے تحت کرپٹ ترین آدمی کو وزیراعظم بنایا گیا ہے، ان کو اس لیے لایا گیا کہ یہ پاکستان کے مفادات کے خلاف امریکا کی باتیں مانیں گے‘ امریکا کی جنگ میں شرکت کرکے ہم نے اپنے لوگوں کو شہید کرایا‘ امریکی جنگ لڑ کر پاکستان کو کیا فائدہ ہوا؟ انہوں نے کہا کہ ہم نے سب کو آگاہ کیا کہ پاکستان میں ہماری حکومت بیرونی سازش کے تحت ہٹائی گئی‘ مراسلہ قوم کے سامنے رکھا‘ صدر، چیف جسٹس سب کو مراسلہ بھیجا اور بتایا کہ پاکستان کی حکومت کے خلاف سازش کی گئی، موجودہ وزیراعظم نے کہا مراسلہ جھوٹا ہے، آج سب مان رہے ہیں‘ امریکا میں پاکستانی سفیر کے پیغام کے بعد چیف جسٹس کا یہ فرض ہے کہ وہ کمیشن بنائیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ مراسلے پر کمیشن بنایا جائے اور اس کی اوپن سماعت ہو‘ تحقیقات ہوں گی تو پتا چلے گا کس کس نے ملک کے ساتھ غداری کی‘ انہوں نے ہم پر کیسز بنائے اصل میں ان پر غداری کے کیسز چلنے چاہئیں‘ یہ قوم اللہ کے سوا کسی کی غلامی قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ ملک کو حقیقی آزادی و خودمختاری دلانے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد کی جانب غلامی نامنظور مارچ کا فیصلہ کیا ہے ۔ سابق وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو ماہِ صیام کی تکمیل اور عیدِ سعید مبارک دی۔علاوہ ازیںتحریک انصاف نے عید کے بعد 6 شہروں میں بڑے جلسوں کا اعلان کردیا جس سے پارٹی چیئرمین عمران خان خطاب کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان جلسوں کا آغاز 6 مئی کو ہوم گراؤنڈ میانوالی سے کریں گے جب کہ 10 مئی کو جہلم، 12 مئی کو اٹک، 14 مئی کو سیالکوٹ، 15 مئی کو فیصل آباد اور 19 مئی کو چکوال میں جلسہ کیا جائے گا۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں