English Al Qamar Urdu جون 22, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

شمالی کوریاکا ایک اور بیلسٹک میزائل تجربہ،عالمی تشویش میں اضافہ

القمر

پیانگ یانگ: شمالی کوریا اپنے اوپر عائد پابندیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے اس سال اپنے ہتھیاروں کے مسلسل تجربات کررہا ہے۔ بڑی طاقتوں کو خدشہ ہے کہ پیونگ یانگ جوہری تجربات بحال کرنے کی تیاری کرر ہا ہے۔

شمالی کوریا نے بدھ کے روز اپنے مشرقی ساحل سے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا۔ جنوبی کوریا، جاپان اور امریکہ نے اس تجربے کی مذمت کی ہے۔جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیف آف اسٹاف کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ میزائل کا یہ تجربہ شمالی کوریا کے پیونگ یانگ خطے میں سونان کے مقام سے کیا گیا۔

جاپان نے بھی اس تجربے کی تصدیق کی ہے اور ملکی کوسٹ گارڈ نے کسی ممکنہ نقصان کے مدنظر جہازوں کو محتاط رہنے کی وارننگ جاری کی۔سونان وہی جگہ ہے جہاں سے شمالی کوریا نے 24 مارچ کو ایک نئے قسم کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ہواسونگ۔17 کا تجربہ کیا تھا۔

جنوبی کوریا کی فوج نے ایک بیان میں کہا، ہم کسی ممکنہ مزید تجربات کے حوالے سے سرگرمیوں پر قریبی نگاہ رکھے ہوئے ہیں اور ہماری فوج تیار پوزیشن میں ہے۔جنوبی کوریا کے نئے صدر یون سک ییول، جو اگلے ہفتے اپنا عہدہ سنبھالنے والے ہیں، نے شمالی کوریا کی جانب سے میزائل کے اس تازہ ترین تجربے کی مذمت کی اورمزید بنیادی تدارکی اقدامات کرنے کا عہد کیا۔

امریکہ نے بھی تجربے کی مذمت کی اور پیونگ یانگ سے ایک بار پھر کہا کہ وہ اپنے جوہری اور میزائل پروگراموں کے حوالے سے بات چیت کے لیے مذاکرات کی میز پر واپس آئے۔امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہاکہ شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ دنوں میں بین البراعظمی بیلسٹک میزائلوں کے کم از کم تین تجربات اور یہ حالیہ تجربہ اقو ام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔

امریکی فوج نے پیونگ یانگ سے عدم استحکام کی کارروائیوں سے گریز کرنے کی اپیل کی۔ اس نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ گوکہ اس نئے تجربے کے متعلق ہمارا تجزیہ یہ ہے کہ اس سے امریکی اہلکاروں یا ہمارے اتحادیوں کو فوری طورپر کوئی خطرہ نہیں ہے، تاہم ہم صورت حال پر مسلسل نگاہ رکھیں گے۔جاپانی وزیر اعظم فومیو کیشیدانے کہا کہ شمالی کوریا کے اس اقدام نے بین الاقوامی برادری کے امن، سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ پیدا کردیا ہے۔

شمالی کوریا رواں برس اب تک 14میزائل تجربات کرچکا ہے۔ ان میں مارچ کے اواخر میں کیا جانے والا بین البراعظمی میزائل تجربہ شامل ہے۔ بدھ کے روز شمالی کوریا نے نئے میزائل تجربہ سے ایک ہفتے قبل کہا تھا کہ اس کی فورسز نے ممکنہ تیز ترین رفتار والے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کا عزم کررکھا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے